ایک زمانے میں چوہوں سے بھرے اپارٹمنٹ میں رہنے پر مجبور تھی‘اداکارہ جنیفرلارنس

میں باتھ روم تک نہیں جا پاتی تھی، مگر آج سب کچھ بدل چکا ہے اور زندگی اسی طرح بدلتی ہے‘انٹرویو

اتوار 27 دسمبر 2015 11:22

ایک زمانے میں چوہوں سے بھرے اپارٹمنٹ میں رہنے پر مجبور تھی‘اداکارہ ..

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 دسمبر۔2015ء) آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ جنیفر لارنس نے انکشاف کیا ہے کہ ایک زمانہ تھا کہ وہ چوہوں سے بھرے اپارٹمنٹ میں رہنے پر مجبور تھیں۔امریکن ریڈیو اسٹیشن این پی آر سے بات کرتے ہوئے 25 سالہ ہنگر گیمز اسٹار نے اداکاری کے کیرئیر کو آگے بڑھانے کے لیے نیویارک منتقل ہونے کے بعد کا احوال بتایا۔

ان کے بقول نیویارک آکر میں اور میرا بھائی ایسے خوفناک اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر ہوئے جو چوہوں سے بھرا ہوا تھا، جبکہ مارے والدین ہم دونوں کو چھوڑ کر چلے گئے تھے اور ہمیں لگتا تھا کہ جیسے ہم مرنے والے ہیں۔ہاتھ میں پیسے نہ ہونے کے باعث جنیفر لارنس نے اس اپارٹمنٹ کو ایک جہنم قرار دیا جہاں گرم پانی یا کچن کی سہولت تک موجود نہیں تھی۔

(جاری ہے)

جنیفر لارنس کے مطابق میرے پاس پیسے نہیں تھے تو اگر کوئی چوہا میرے اپارٹمنٹ واپس پہنچنے سے پہلے بریڈ کا کوئی ٹکڑا کھا لیتا تو پوری بریڈ پھینکنا پڑتی مگر بتدریج میرا حال یہ ہوگا کہ میں اسے ہی یہ کہہ کر کھانے لگی کہ خدا میں مزید کسی بریڈ کا خرچہ برداشت نہیں کرسکتی۔

جنیفر لارنس جنھیں رواں برس امریکی جریدے فوربس نے سب سے زیادہ کمانے والی اداکارہ قرار دیا ہے، بتاتی ہیں کہ وہ آہستہ آہستہ چوہوں کے ساتھ رہنے کی عادی ہوگئی تھیں۔ان کے بقول میں اس مرحلے تک پہنچ گئی تھیں کہ اپنا کھانا ایک چوہے کے ساتھ شیئر کرنے لگی تھی، رات خوفناک ہوتی تھی کیونکہ چوہے ہر جگہ سے باہر نکل آتے تھے اور میں باتھ روم تک نہیں جا پاتی تھی، مگر آج سب کچھ بدل چکا ہے اور زندگی اسی طرح بدلتی ہے۔