مصباح الحق نے ڈومیسٹک پچز پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا

اتوار 27 دسمبر 2015 15:43

مصباح الحق نے ڈومیسٹک پچز پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 دسمبر۔2015ء) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں مختلف سینٹرز کی پچز کے معیار پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق مصباح الحق نے ملک میں جاری قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پچز کے غیر معیاری ہونے کے حوالے سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

مصباح الحق نے چیئرمین بورڈ کو بتایا کہ اکثر و بیشتر سینٹرز پر بے جان پچز کی وجہ سے کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے نہیں آئیں۔ آسان ماحول میں کرکٹ کھیلنے کی پختہ عادت کے بعد جب کرکٹرز قومی ٹیم میں آتے ہیں تو بین الاقوامی سطح پر بہترین پچز پر انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مصباح الحق نے قائد اعظم ٹرافی کے میچوں کے دوران قذافی سٹیڈیم کی پچز پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کے مطابق ملک بھر میں صرف دو یا تین مقامات ایسے ہیں جہاں سپورٹنگ پچز بنتی ہیں۔ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے شہریار خان کو تجویز دی ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے دوران ملک بھر میں سپورٹنگ وکٹیں تیار کی جائیں