یاسر شاہ معصوم ، انکی معطلی کے ذمہ دار انتظامیہ اور فزیو تھیراپسٹ ہیں ، ڈاکٹر نعمان نیاز

اتوار 27 دسمبر 2015 18:18

یاسر شاہ معصوم ، انکی معطلی کے ذمہ دار انتظامیہ اور فزیو تھیراپسٹ ہیں ..

لاہور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار27دسمبر- 2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق آفیشل اور معروف مبصر ڈاکٹر نعمان نیاز نے مثبت ڈوپ ٹیسٹ پر معطل ہونیوالے لیگ سپنر یاسر شاہ کو معصوم قرار دیتے ہوئے اسکا ذمے دار پی سی بی میڈیکل پینل کو قرار دیا ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈاکٹر نعمان نیاز کا کہنا تھا کہ لیگ سپنر کے نمونے میں جس دوا کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے اس سے ان کے بے قصور ہونے کا اندازہ ہوتا ہے کہ وہ خود بالکل بے قصور ہے اور اس معاملے پر ٹیم کے میڈیکل پینل اور فزیو بریڈ رابنسن کو الٹا ٹانگنا چاہیے کیونکہ وہ اسکے ذمہ دار ہیں ۔

نعمان نیاز کے مطابق یاسر کو پیشاب آور کلورو تھایو زائیڈ نامی دوائی دی گئی جو کسی زخمی کھلاڑی کو دی جاتی ہے ، انجری سے ہونیوالا درد ختم کرنے کیلئے کھلاڑی کو ممنوعہ دوا ایسٹیرائیڈ دی گئی اور پھر اسے جسم سے خارج کرنے کیلئے کلورو تھایو زائیڈ کا استعمال کیا گیا جو انکے نمونے میں آ گئی ۔

(جاری ہے)

نعمان نیاز کا مزید کہنا تھا کہ ایسی دوا کا استعمال اشد ضروری ہو تو اس کیلئے پہلے واڈا اور متعلقہ حکام سے اجازت درکار ہوتی ہے ۔

انہوں نے یاد دلایا کہ اس طرح کی دوائی شین وارن کو بھی لگی تھی اور انکا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر وہ ورلڈ کپ 2003ء سے باہر ہوگئے تھے ۔ ڈاکٹر نعمان کے مطابق یاسر اس سزا کیخلاف اپیل کر کے دوسرا نمونہ ٹیسٹ کرا سکتے ہیں لیکن یہ ٹیسٹ بھی مثبت آنے پر انہیں 2 سے 4 سال پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ ڈاکٹر نعمان نے کہا کہ یہ پی سی بی ، میڈیکل پینل، ٹور مینجمنٹ ، فزیو تھراپسٹ بریڈ رابنسن کی نااہلی ظاہر کرتی ہے ، ٹیم ڈاکٹر ، فزیو کی انکوائری ہونی چاہیے کہ انہوں نے کھلاڑی کو ممنوعہ ادویہ کیوں استعمال کرائی ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 2006ء میں فاسٹ باؤلر محمد آصف اور شعیب اختر بھی مممنوعہ ادویہ کے استعمال کے مرتکب قرار پائے تھے اور ان پر دو سال کی پابندی لگی تھی ۔