عالمی امن کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی ناگزیر ہے مشرف

تمام مذاہب کے ماننے والوں کو امن کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگااے پی ایم ایل

اتوار 27 دسمبر 2015 18:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 دسمبر۔2015ء)پرویز مشرف کی ہدایت پر آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر شہاب الدین شاہ حسینی اور جنرل سیکریٹری شاہد قریشی کی قیادت میں اے پی ایم ایل سندھ اور کراچی ڈویژن کے عہدیداران و کارکنان نے بڑی تعداد میں مزار قائد پر حاضری دیکر مشرف کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی جبکہ اے پی ایم ایل سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سیدنے قوم کے نام مشرف کا پیغام پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم محمد علی جناح کے افکار و فرمودات کے مطابق اتحاد تنظیم یقین محکم کے اصولوں کے تحت ہر قسم کے اختلافات کو پس پشت ڈال ہی پاکستان کو اقبال کے خواب اور قائد کے یقین کے مطابق حقیقی معنوں میں ایک فلاحی و اسلامی ریاست بنایا جاسکتا ہے جبکہ آل پاکستان مسلم لیگ وطن عزیز کو قائد اعظم کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ایک ایسی ترقی یافتہ و فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے جہاں عوام کو مکمل حقوق اور اختیار واقتدار میں شراکت حاصل ہوگی اس موقع پر شہاب الدین شاہ حسینی نے مسیحی برادری کو مشرف کی جانب سے کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی دنیا کے امن کیلئے ناگزیر ہے اور اس سلسلے میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنا اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا ۔