ایل سلواڈور کے سابق فٹ بالر الفریڈ پاشیکو کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گيا

پیر 28 دسمبر 2015 12:32

ایل سلواڈور کے سابق فٹ بالر الفریڈ پاشیکو کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ..

سان سلواڈور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار28دسمبر- 2015ء) ایل سلواڈور کے حکام کا کہنا ہے کہ سابق فٹ بالر الفریڈ پاشیکو کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایل سلواڈور کے دارالحکومت سان سلواڈور کے مشرق میں 76 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع شہر سانتا آنا کے پیٹرول سٹیشن پر ایک شخص نے 33 سالہ پاشیکو کو کئی گولیاں ماریں ۔ پولیس کے مطابق حملے میں 2 دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ہیں جب کہ حملے کا مقصد جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں ۔

(جاری ہے)

حملے کا نشانہ بننے والے ایل سلواڈور کے کھلاڑی پر 2013ء میں میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کی وجہ سے تاحیات پابندی عائد کردی گئی تھی ۔ اس وقت وہ ملک کی جانب سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی تھے اور بحیثیت دفاعی کھلاڑی کھیلتے تھے ۔ پاشیکو اور قومی ٹیم کے دیگر 13 ممبران 2010ء سے 2013ء کے درمیان بیشتر میچوں کو ہارنے کے لیے رشوت لینے کے جرم میں ملوث پائے گئے تھے ۔ یاد رہے کہ رواں ماہ کے اوئل میں وسطی امریکہ کے ہی ملک ہونڈورس میں ایک 26 سالہ عالمی فٹ بالر آرنلڈ پیرالتا کو چھٹی کے دن ان کے آبائی شہر میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا ۔