متحدہ عرب امارات کا آئندہ برس جنوری سے چھ ماہ کی لیبر پابندی کو منسوخ کرنے کا فیصلہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 28 دسمبر 2015 13:29

متحدہ عرب امارات کا آئندہ برس جنوری سے چھ ماہ کی لیبر پابندی کو منسوخ ..

متحدہ عرب امارات (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 28 دسمبر 2015 ء): متحدہ عرب امارات نے لیبرز پر عائد کی گئی چھ ماہ کی پابندی کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تارکین وطن کی امداد کے لیے ملک میں نئے سال میں پابندی سے مستثنیٰ ایک لیبر سیکٹر قائم کیا جائے گا۔ وزارت لیبر کا کہنا ہے کہ جنوری 2016کے آغاز ہی سے مزدوروں پر عائد کی گئی چھ ماہ کی پابندی کو اس صورت میں منسوخ کر دیا جائے گا اگر مزدور اور مالک دونوں ورک پرمٹ کی منسوخی کا باہمی فیصلہ کر لیں۔

نیا قانون لیبر منسٹر کی جانب سے ستمبر میں جاری کی گئی نئی قراردادوں کا حصہ ہے۔اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری حمید راشد بن دماس الصویدی نے بتایا کہ نئی قراداد کے مطابق ایسے مزدور جو اپنے مالک کی رضا مندی کے ساتھ معاہدہ منسوخ کرنے کے خواہشمند ہیں، انہیں دو سال کا عرصہ مکمل نہ کرنے کے باوجود بھی کسی دوسری کمپنی میں منتقل ہونے کی اجازت دے دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ گریڈ IVاورVسے تعلق رکھنے والے ایسے مزدور جنہوں نے اپنی پہلی نوکری پر چھ ماہ مکمل نہیں کئے، اس قانون سے مستثنیٰ ہوں گے۔ الصویدی نے بتایا کہ موجودہ ورکرز جو اپنی نوکری کے دو سال مکمل کر چکے ہیں انہیں بھی فوری طور پر کسی دوسری کمپنی میں منتقل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ موجودہ ورکرز کو دوسری نوکری کرنے کی اجازت ورک پرمٹ کی منسوخی کے چھ ماہ کے بعد دی جائے گی۔الصویدی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نئے قوانین کا مقصد ٹیلنٹ کو برقرار رکھنے میں مدد گار ثابت ہوں گے انہوں نے مزید کہا کہ وزارت داخلہ بیرون ملک سے مزدوروں کو لانے کی بجائے ملک ہی میں موجود بالخصوص تارکین وطن کے ٹیلنٹ کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔