پاکستان تیزی سے خطہ میں ترقیاتی سرگرمیوں کا محور بن رہا ہے

صدر مملکت ممنون حسین کا میرین اکیڈمی کی 52ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب

پیر 28 دسمبر 2015 15:41

کراچی ۔ 28 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 دسمبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے توانائی کی پیداوار سمیت متعدد بڑے منصوبے شروع کئے ہیں جن سے ملک کو اقتصادی استحکام اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں پاکستان میرین اکیڈمی کی 52 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری، موٹرویز، دیامیر بھاشا اور داسو ڈیم کی تعمیر سمیت کئی بڑے منصوبوں اور بجلی گھروں کی تنصیب شروع کی گئی ہے جس سے پورے ملک کی حالت بدل جائے گی۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان تیزی سے پورے خطہ میں ترقیاتی سرگرمیوں کا محور بن رہا ہے، وسطی ایشیائی ریاستوں نے بھی پاک چین اقتصادی راہداری کے ساتھ منسلک ہونے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے 288 کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے پاکستان میرین اکیڈمی کے کردار اور خدمات کو بھی سراہا۔ صدر نے قوم پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی بھرپور حمایت کریں کیونکہ یہ کسی ایک سیاسی جماعت کے نہیں ہیں، اس سے پورے ملک کو فائدہ ہو گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بجلی کے منصوبوں کی تکمیل سے 2018ء تک لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جاری رہے گا، اسی طرح کراچی آپریشن بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں انہیں ملک کی ترقی کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔ صدر نے ایک بار پھر عوام پر زور دیا کہ وہ معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :