آسٹریلیا کی میلبورن ٹیسٹ پر گرفت مضبوط، دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 179 رنز بنا لئے

پیر 28 دسمبر 2015 15:42

آسٹریلیا کی میلبورن ٹیسٹ پر گرفت مضبوط، دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 179 ..

میلبورن ۔ 28 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 دسمبر۔2015ء) آسٹریلیا کی ویسٹ انڈیز کے خلاف میلبورن ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہوگئی ہے، میچ کے تیسرے روز میزبان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنا لئے اور اسے مجموعی طور پر 459 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ عثمان خواجہ نے نصف سنچری سکور کی، کپتان سٹیون سمتھ 70 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، جیسن ہولڈر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ویسٹ انڈین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 271 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اسے 280 رنز خسارے کا سامنا کرنا پڑا، ڈیرن براوو اور کارلوس براتھویٹ نے نصف سنچریاں بنائیں۔ جیمز پیٹنسن اور نیتھن لائن نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔ پیر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 91 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو ڈیرن براوو 13 اور کارلوس براتھویٹ 3 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ تھے، دونوں بلے بازوں نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور 90 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 173 تک پہنچا دیا، کارلوس براتھویٹ 59 رنز بناکر نیتھن لائن کا نشانہ بن گئے۔

(جاری ہے)

کیمار روچ ویسٹ انڈیز کے آٹھویں آؤٹ ہونیوالے کھلاڑی تھے جو 22 رنز بنانے کے بعد جیمز پیٹنسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ جیروم ٹیلر 15 رنز بناکر نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، ڈیرن براوو نے 81 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، وہ ویسٹ انڈیز کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہیں جیمز پیٹنسن نے آؤٹ کیا، جومل ویریکین 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس طرح ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم آسٹریلیا کی پہلی اننگز 551 رنز کے جواب میں 271 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ جیمز پیٹنس اور نیتھن لائن نے چار، چار جبکہ پیٹر سڈل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنا لئے اور اسے 459 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی ہے۔ عثمان خواجہ 56 ، ڈیوڈ وارنر 17 اور جو برنز 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سٹیون سمتھ 70 اور مچل مارش 18 رنز کیساتھ ناقابل شکست ہیں، جیسن ہولڈر نے دو اور کارلوس براتھویٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :