یس ایم منیر جیسے بے مثال بزنس لیڈر کودھمکیاں قابل مزمت ہیں ، صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت،وزارت داخلہ، رینجرز حکام نوٹس لیں۔ ترجمان یوبی جی

پیر 28 دسمبر 2015 15:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 دسمبر۔2015ء ) ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدراوریونائیٹڈ بزنس گروپ(یوبی جی) کے ترجمان گلزار فیروز،سینیٹرعبدالحسیب خان،منیرسلطان،نوراحمدخان اور یوبی جی کے دیگر رہنماؤں نے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں حصہ لینے والے بزنس مین پینل کے صدارتی امیدوارحاجی غلام علی،فیڈریشن میں یو بی جی کے ٹکٹ پرمنتخب کی گئی نائب صدر فہمیدہ جمالی،میاں زاہد حسین اورمخالف گروپ کے دیگر رہنماؤں کی جانب سے پریس کانفرنس میں پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی ہردلعزیز شخصیت اور رہنماایس ایم منیر کو دھمکیاں دیئے جانے اورنازیباالفاظ استعمال کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخالف گروپ گزشتہ سال کی عبرتناک شکست کو اب تک بھلا نہیں پایا ہے جبکہ30دسمبر کوہونے والے الیکشن کیلئے بھی انہیں بمشکل چند امیدوار دستیاب ہوسکے ہیں اور انہیں اپنی یقینی ناکامی سامنے نظر آرہی ہے جس کی وجہ سے مخالف گروپ کے رہنما ذہنی دیوالیہ ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو زبان پریس کلب میں صحافیوں کے سامنے استعمال کی گئی اور جس انداز میں ایس ایم منیر جیسے بے مثال بزنس لیڈر کودھمکیاں دی گئیں اسکا صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت،وزارت داخلہ، رینجرز حکام نوٹس لیں۔یو بی جی کے ترجمان گلزارفیروز نے کہا کہ جو لوگ بزنس کمیونٹی کے مفادات کا کبھی تحفظ نہ کرسکے اور فیڈریشن کے مالی وسائل اپنے گھروں کا کچن چلانے کیلئے استعمال کرتے رہے ہوں وہ لوگ اب کس منہ سے تاجربرادری کی نمائندگی کے دعوے کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فہمیدہ جمالی کو ایس ایم منیرنے ہی ایف پی سی سی آئی کا نائب صدر بنایاتھااور ایس ایم منیر نے ہمیشہ انہیں اپنی چھوٹی بہن کہا جبکہ فیڈریشن میں تمام ہی ویمن انٹر پرینورزاس بات کی گواہی دیتی ہیں کہ یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ نے کبھی ان سے توہین آمیز انداز سے بات نہیں کی بلکہ انہیں بہن اور بیٹی کے درجے دیئے، اس لئے فہمیدہ جمالی کاالزام مضحکہ خیز ہے البتہ انہیں ایس ایم منیر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے یہ احساس کرنا چاہیئے کہ پورے ملک کے بزنس مینوں کی انگلیاں ان کی جانب اٹھ سکتی ہیں مگر یو بی جی کا ہرممبر ممکنہ طور پر انکی عزت کریگا کیونکہ خاتون ہیں مگر وفاقی اور صوبائی وزارت داخلہ اور رینجرز وپولیس حکام کو بزنس مین پینل کے رہنماؤں کی دھمکی آمیز پریس کانفرنس کا نوٹس لینا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی سے ڈکٹیٹرزکاراج ختم ہوچکا ہے اوراب کے نمائندوں کو کوئی بھی ڈنڈے سے نہیں ہانک سکتا،مخالف گروپ کو30دسمبر کے الیکشن میں اپنی یقینی شکست نظرآرہی ہے،فیڈریشن سیاسی اکھاڑہ یاٹیکس چوروں کی آماجگاہ نہیں بلکہ ملک کی بزنس کمیونٹی کا معزز پلیٹ فارم ہے جسے لٹیروں کے ہاتھوں میں ہرگز جانے نہیں دیاجائے گا۔گلزارفیروز نے کہا کہ فیڈریشن چیمبر میں تبدیلی آچکی ہے اور بزنس کمیونٹی کا یونائٹیڈ بزنس گروپ کے لیڈران پر اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے کیونکہ یو بی جی لیڈران پورے پاکستان کے تاجر نمائندوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔

یو بی جی نے کاروباری برادری کو انکاکھویا ہوا مقام واپس دلایا ہے اور اب تاجروں کو لاٹھی سے ہانکنے کا زمانہ گزر گیا،ہر فیصلے ڈرائنگ روم کے بجائے مشاورت سے کئے جارہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :