ایس ایم منیر نے دوران اجلاس مجھ سے نازیبا زبان استعمال کی ،مجھ پر چیخے چلائے، دھمکیاں دیں ،کیا ٹی ڈیپ کے سی ای اوکو زیب دیتا ہے وہ کسی خاتون سے اس لہجے میں بات کریں؟،فہمیدہ کوثرجمالی

ایس ایم منیرایف پی سی سی آئی کے قواعد وضوابط کی دھجیاں اڑارہے ہیں، ان کی وجہ سے صنعت وتجارت کی اپییکس باڈی غیر موثر ہوکر رہ گئی ہے ،ایف پی سی سی آئی کے اختیارات وہ خود استعمال کررہے ہیں،میاں زاہد حسین اور دیگرکی کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس

پیر 28 دسمبر 2015 16:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 دسمبر۔2015ء) وفاق چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کی نائب صدر فہمیدہ کوثر جمالی نے کہا ہے کہ ٹی ڈیپ کے سی ای او ایس ایم منیر نے ٹی ڈیپ آفس میں دوران اجلاس مجھ سے نازیبا زبان استعمال کی ،مجھ پر چیخے چلائے، دھمکیاں دیں کہ انہیں اندر کروادیں گے اور فیڈریشن ہاؤس میں داخلہ بندکردیا جائیگا۔

کیا ٹی ڈیپ کے سی ای اوکو زیب دیتا ہے کہ وہ کسی خاتون سے اس لہجے میں بات کریں؟۔ وزیراعظم نواز شریف سے اپیل کرتی ہوں کہ اگر آپ بلوچستان کی عوام سے محبت کرتے ہیں تو اس علاقے سے تعلق رکھنے والی خاتون کی بے عزتی ایک دہری شہریت کا حامل شخص نے کی ہے تواس کے خلاف کارروائی کریں۔ایس ایم منیر فیڈریشن انتخابات جیتنے کے لیے دھونس،دھاندلی کے تمام ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

فیڈریشن کو قبضہ مافیا گروپ سے نجات دلائے اور انتخابات کے نتیجے میں تاجروں کی ایک ایسی قیادت سامنے آئے جو ان کی حقیقی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ سینیٹر غلام علی نے کہا کہ فیڈریشن کے انتخابات سے دو دن قبل وزیراعظم کو مدعو کرنا الیکشن پر اثر انداز ہونے کا حربہ ہے۔ ایس ایم منیرکے اس عمل سے لگتا ہے کہ انہوں نے اپنے ترکش کا آخری تیر بھی استعمال کرلیا ہے۔

ایس ایم منیر کو فوری طور پر برطرف کیا جائے کیونکہ وہ کسی طور پر یہ بھی ٹی ڈیپ کی سی ای اوشپ کے قابل نہیں ہیں۔میاں زاہدحسین نے کہاکہ ایس ایم منیرایف پی سی سی آئی کے قواعد وضوابط کی دھجیاں اڑارہے ہیں۔ ان کی وجہ سے صنعت وتجارت کی اپییکس باڈی غیر موثر ہوکر رہ گئی ہے اور ایف پی سی سی آئی کے اختیارات وہ خود استعمال کررہے ہیں۔وہ گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر بزنس مین پینل کے فرسٹ وائس چیئرمین میاں زاہد حسین،سندھ ریجن کے صدر ذکریا عثمان،کیپٹل ریجن کے چیئرمین مرزاعبدالرحمن،مرکزی ترجمان شیخ منظر عالم، جنرل سیکرٹری ثاقب فیاض مگوں، میاں شوکت اورایف پی سی سی آئی کے انتخابات 2016میں بزنس مین پینل کے نائب صدور کے امیدواربھی موجود تھے۔ فہمیدہ کوثر نے کہاکہ اگر ایس ایم منیر ایم سی بی بینک کے زیر التواء کیس کی وجہ سے ایسا کررہے ہیں تو ان کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ کسی خاتون سے بدتمیزی سے پیش آئیں۔

میرا تعلق بھی بلوچستان کے ایک قبیلے سے ہے اور ابھی تک میں نے اپنے قبیلے کو آواز نہیں دی ،اگرآواز دی توایس ایم منیر کے لیے اس کے نتائج خطرناک ہوں گے۔ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف،سپریم کورٹ اوروفاقی وزیرتجارت سے اپیل کی کہ ایس ایم منیر کی جگہ کسی اہل شخص کو ٹی ڈیپ کا چیئرمین مقرر کیا جائے تاکہ وہ برآمدات پر بھرپور توجہ دے سکیں اور ان شعبوں کو فروغ دینے کے لئے دن رات ایک کردیں ۔

بزنس مین پینل کے صدارتی امیدوار سنیٹر حاجی غلام علی نے کہا کہ ایس ایم منیر اور ان کا گروپ ذہنی دیوالیہ پن کا شکار ہوچکا ہے۔ کل رات بارہ بجے انہوں نے اپنے گروپ کے دو نائب صدور کے نام تبدیل کئے ہیں۔ ان کو یہ سمجھ نہیں آرہا ہے کہ ان مفاد پرستوں کے ٹولے میں سے کس کا انتخاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر اور افتخار ملک نے ٹی ڈیپ کی معمولی سی ای اوشپ اور گارڈ فلٹر کو سیلز ٹیکس سے استثنیٰ دلوانے کے لئے بزنس کمیونٹی کا سوداکیا اورملک کی صنعت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔

40 ارب روپے کے نئے ٹیکسوں کو اعلان کردیا گیا ہے جبکہ حکومت وقت کی جانب سے صنعت وتجارت کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے کے لئے 50 ارب روپے کے مزید ٹیکس لگانے کی بھی نوید سنائی جارہی ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بزنس مین گروپ کے سربراہ سراج قاسم تیلی سے بات چیت کا عمل جاری ہے۔ وہ ہمارے ویژن سے آگاہ ہیں اور ہمارے مؤقف کی خاموش تائید بھی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر کی جانب سے اقرباء پروری اور من موجی پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کے 14 رکنی وفد کو آسٹریلیا بھیجا گیا لیکن اس وفد نے قومی وسائل کے بے دریغ استعال کے علاوہ کچھ نہیں کیا اور ایک پیسے کا کاروبار بھی ہمارے ہاتھ نہیں آیا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شجاعت عظیم اور ایم ڈی پی ٹی وی کو ان کی نااہلی پر برطرف کردیا گیا ہے اور بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی۔

غیرقانونی تقرری پر ایس ایم منیر کی ٹی ڈیپ سی ای او شپ سے برطرفی بھی ان کا مقدر بنے گی۔میاں زاہدحسین نے کہا کہ گزشتہ ماہ برآمدات میں 18 فیصد کمی ہوئی ہے جو ایس ایم منیر کے کرموں کا پھل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن میں اس وقت بھی ایک صدر اور 10 نائب صدور کام کررہے ہیں لیکن ان کا کہیں بھی نام نہیں ہے۔ اوریہ تمام عہدیداران ایس ایم منیر کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔

ان کے تمام اختیارات ایس ایم منیراستعال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کے جنرل سیکرٰٹری کے ساتھ ساتھ 16 ملازمین کو برطرف کردیا گیا ہے جبکہ ایک خاتون کی ملازمت حال ہی میں کورٹ سے اسٹے لے کر بحال ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا ایس ایم منیر کے دور میں ہوتا ہے کہ خواتین کو ڈرایا اور دھمکایا جارہا ہے اور ان کو دبانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔بزنس مین پینل ایسا ہرگزنہیں ہونے دیگا۔

متعلقہ عنوان :