یاسر شاہ کے حوالے سے حتمی آئی سی سی رپورٹ ملنے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کیا جائیگا ، شہریار خان

پیر 28 دسمبر 2015 16:57

یاسر شاہ کے حوالے سے حتمی آئی سی سی رپورٹ ملنے کے بعد آئندہ کا لائحہ ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 دسمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہر یار خان نے کہا ہے کہ یاسر شاہ کے حوالے سے آئی سی سی سے حتمی رپورٹ ملنے کے بعد آئندہ کالائحہ عمل اختیار کیا جائیگا،کھلاڑیوں کو ممنوعہ ادویات بارے آگاہی نہ دینے کا تاثر درست نہیں ، محمد عامر کو سدھارنے کی ذمہ داری شعیب ملک کو سونپی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دورہ نیوزی لینڈ کے لئے جاری تربیتی کیمپ میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

شہر یار خان نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کے ہمراہ کھلاڑیوں کو تربیت کرتے ہوئے دیکھا ۔ شہر یار خان نے کہا کہ تربیتی ٹیم میں شریک تمام کھلاڑی بھرپور محنت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے یاسر شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ابھی آئی سی سی سے حتمی رپورٹ موصول نہیں ہوئی جس کے بعد ہی آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کریں گے۔

(جاری ہے)

پی سی بی کا میڈیکل پینل اس حوالے سے اپنا کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ کھلاڑیوں کو ممنوعہ ادویات کے حوالے سے آگاہی نہیں دی جاتی ۔ کھلاڑیوں کو پورے سال میں مختلف اوقات میں اس حوالے سے لیکچر دئیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ اور اظہر علی تربیتی کیمپ میں شریک ہیں ۔ محمد عامر کو سدھارنے کی ذمہ داری شعب ملک کو سونپی ہے ۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹر ویو میں چیئرمین پی سی بی شہر یار خان نے کہا کہ پی سی بی کی طرف سے یاسر کو دوا دینے یا نسخہ تجویز کرنے کے حوالے سے باتیں افواہیں ہیں ۔ یاسر نے جو دوا لی ہے اس کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی سیمپل بی کا ٹیسٹ رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شین وارن نے بھی دوا لی تھی اور اس نے کہا تھاکہ اس کی نانی نے انہیں دوا دیدی تھی لیکن انہیں سزا ملی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کھلاڑیوں کو ممنوعہ ادویات کی فہرست فراہم کرتی ہے بلکہ میں نے خود لڑکوں کو اردو زبان میں بھی فہرست فراہم کی ہے کہ اور انہیں کہا کہ ان سے پرہیز کریں اور انہیں پوری طرح سمجھا دیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی بعض اوقات غلطی سے ادویات لے لیتے ہیں ۔اگر فہرست سے ہٹ کر کوئی دوا دینا مقصود ہو تو اس حوالے سے آئی سی سی کو فوری آگاہ کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ہمیں یاسر کے سیمپل بی کا انتظار ہے جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کریں گے ۔