کراچی : وزیر اعظم نواز شریف کی کراچی آمد پر سائیں کے دل کی دھڑکن تیز، تقریب سے غائب

وزیر اعلی نے ناساز طبیعت سے متعلق وزیر اعظم کو آگاہ کر دیا تھا ، سینیٹر پیپلز پارٹی سعید غنی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 28 دسمبر 2015 17:17

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 28 دسمبر 2015 ء) : وزیر اعظم نواز شریف کی کراچی آمد پر وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے دل کی دھڑکنیں تیز ہوئیں تو اسپتال پہنچ گئے ، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کسی بھی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔ جس کے بعد ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے وزیر اعلیٰ سندھ کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کا کراچی ائرپورٹ پر استقبال کرنے سے پہلے وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ قومی ادارہ برائے امراض قلب پہنچ گئے۔

سائیں سرکار نے ایک گھنٹے سے زائد اسپتال میں اپنا طبی معائنہ کرایا۔رپورٹ تسلی بخش آنے پر انہوں نے ائیر پورٹ پر وزیراعظم نوازشریف کا استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے استقبال کے فوری بعد قائم علی شاہ نے رینجرز اختیارات پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

نوازشریف نے بھی وزیر اعلی سندھ کو اسلام آباد آنے کی دعوت دی جس پر قائم علی شاہ نے پارٹی سربراہ اور دیگر سے مشاورت کے بعد اسلام آباد آنے کی مشروط حامی بھرلی۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی طبیعت ناساز تھی، جس سے متعلق انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کو آگاہ کر کے تقریب میں شریک نہ ہونے کی اجازت طلب کی۔سعید غنی نے کہا کہ سندھ کی تمام انتظامیہ وزیراعلیٰ کے ماتحت ہے ،سندھ کی انتظامیہ کی تعریف اور مبارکباد کا مطلب ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو مبارکباد دی گئی ہے، وزیر اعظم نے کہا ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اور چیف سیکریٹری بیٹھے ہیں سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔

سعید غنی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ آپریشن کو لیڈ کررہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ آپریشن متنازع نہ ہو۔ جبکہ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کا تقاریب میں نہ ہونا وفاق اور صوبائی حکومت میں واضح اختلافات سامنے آ گئے ہیں۔