کراچی، فافن رہنمائی میں انتخابی اصلاحات کرا کے عوام کی آواز کو مستحکم کرینگے، تخلیق فاؤنڈیشن

پیر 28 دسمبر 2015 19:12

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔28 دسمبر۔2015ء) کوئی بھی جمہوری ملک اپنے آئین پر عمل درآمد اور صاف شفاف الیکشن کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، آئین پاکستان اور دیگر مروجہ قوانین اور آرڈی نینس اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ عوام اپنے ووٹ کے ذریعے صحیح نمائندے منتخب کریں مگر کچھ خامیوں اور ابہام کی وجہ سے پاکستان میں انتخابات کو مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے مختلف فورم پر ہمیشہ دھاندلی زدہ اور غیر منصفانہ قرار دیا جاتا رہا ہے ، تحلیق فاؤنڈیشن کے تشکیل کردہ ڈسٹرکٹ الیکٹرورل ریفارمز گروپ(DERG) جو کہ سیاسی و سماجی رضاکاروں، ٹریڈ یونین فروفیشنل ایسوسی ایشن، بار کونسل کے اراکین، میڈیا اور معاشرے کے دیگر طبقات کے متحرک رضاکاروں پر مشتمل ہیں انتخابی اصلاحات کے حوالے سے عوام کی آواز کو مستحکم کرنے کیلئے انکی ایڈوکیسی کی مہم چلا رہے ہیں تاکہ انتخابی نظام کی درستگی کی حتی الوسع کوشش کر کے انتخابی نظام پر اٹھنے والے اعتراضات کو کم سے کم یا ختم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے تحت گروپ نے اپنی شروعات کے طور پر FAFEN(فری اینڈ فیر الیکشن نیٹ ورک)کی تیار کردہ سفارشات کے مطابق عوام کی ایڈوکیسی کی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔جسکے تحت سیاسی جماعتوں کے ضلعی عہدے داران و منتخب نمائندگان ،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سمیت تمام اسٹیک ہولڈرزاور میڈیا کے ساتھ فافن کی سفارشات پر تبادلہ خیال کے بعد عوام کی رائے لیکر مزید سفارشات تیار کر کے پارلیمنٹ کی انتخابی اصلاحات کی کمیٹی کو پیش کیا جائیگا تاکہ انکی روشنی میں انتخابی ضابطوں میں ضروری ترامیم کر ا کے انتخابات کو صاف شفاف اور قابل اعتمادبنایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار تخلیق فاؤنڈیشن کے انتخابی اصلاحات کے ضلعی گروپ برائے ڈسٹرکٹ سینٹرل(ڈسٹرکٹ سینٹرل) کے کنوینر محمدانور کمال اور ڈپٹی کنوینر شیخ مجید نے سیاسی و سماجی رضاکاروں، ٹریڈ یونین فروفیشنل ایسوسی ایشن، بار کونسل کے اراکین، میڈیا اور معاشرے کے دیگر طبقات کے متحرک رضاکاروں کی تربیتی نشستوں اور سیاسی عمائدین سمیت مختلف منتخب سیاسی نمائندوں سے ملاقاتوں میں کیا۔

تخلیق فاؤنڈیشن کے تحت اس ضمن میں کراچی کے مختلف اضلاع میں ضلعی انتخابی اصلاحات گروپس تشکیل دیئے گئے ہیں جن میں فافن کی سفارشات پر عوامی رائے حاصل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔گروپ کے کنونیر اور ڈپٹی کنوینر نے DERG کی کوششوں کو قومی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کا حامل قرار دیا اور کہا کہ وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ ملک کے انتخابی نظام میں بہتری پیدا ہو گی اور ملک میں جمہوریت کا چہرہ مزید نکھر کر سامنے آئیگا۔انہوں نے کہا کہ ڈرگ کے تحت آئندہ کے مزید پروگراموں کا اعلان جلد کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :