پاکستان اسٹیل کی بحالی کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی،عبدالحکیم بلوچ

منتخب قیادت عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش اور کرپشن سے پاک عوامی خدمت کا مثالی نمونہ پیش کرے،مسلم پرویز

پیر 28 دسمبر 2015 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 دسمبر۔2015ء) وفاقی وزیر مملکت برائے مواصلات عبدالحکیم بلوچ نے کہا ہے کہ گذشتہ حکومت کی کرپشن کے سبب شدید تباہی اور بدحالی سے دوچار ہونے والے ادارے پاکستان اسٹیل کی بحالی کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، ادارے کے ملازمین کے مفادات اور ملازمتوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائیگا اوراسٹیل مل کے مستقبل سے متعلق تمام فیصلے قومی مفاد میں کئے جائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشنِ حدید میں جماعت اسلامی اور مسلم لیگ(ن) کے تحت بلدیاتی انتخابات میں مشترکہ طور پر حصہ لینے اور کامیاب ہونے والے نمائندوں کے اعزاز میں اوریوسی 22اور 23 کے ووٹرز سے اظہار تشکر کے لیے منعقدہ ایک تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز ،ضلع بن قاسم کے امیر محمد اسلام،عبدالجمیل، ملک تاج،چوہدری فضل حق ، آغا طارق پٹھان، محمد سعید ثانی، صفدر بھٹی ، ممتاز حسین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مملکت نے کامیاب نمائندوں سے کہا کہ انہوں نے سندھ حکومت کی نام نہاد جمہوریت اور مافیا کو شکست دی ہے جو بلدیاتی اداروں کی تباہی کی ذمہ دار ہے۔

اس مافیا نے بھاری رشوتوں کے عوض بلدیاتی اداروں میں ایڈمنسٹریٹر تعینات کئے جنہوں نے ریکارڈ توڑ کرپشن کی۔ عبدالحکیم بلوچ نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت بے حسی کی مکمل تصویر ہے بار بار احتجاج کے باوجود ملیر ندی سے ریتی بجری کی چوری کا عمل جاری ہے جسکے نتیجے میں نیشنل ہائی وے کو سپر ہائی وے سے ملانے والی سڑک لنک روڈ کے کئی پل مخدوش ہوچکے ہیں اوراس وجہ سے سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے جس کے سبب سفری مشکلات بڑھ گئی ہیں ۔ مسلم پرویز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منتخب قیادت انتخابی عمل کی تلخیاں بھلا کر عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرے اور کرپشن سے پاک عوامی خدمت کا مثالی نمونہ پیش کرے ۔

متعلقہ عنوان :