اسے پڑھنے کے بعد آپ فالتو لگنے والی اس بڑے کام کی چیز کو پھینک نہیں سکیں گے

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی منگل 29 دسمبر 2015 12:12

اسے پڑھنے کے بعد آپ فالتو لگنے والی اس بڑے کام کی چیز کو پھینک نہیں سکیں ..

(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر2015ء)اکثر نئی مصنوعات خاص طور پر ادویات کی بوتل میں ایک چھوٹا سفید رنگ کا بیگ رکھا ہوتا ہے، جس پر اکثر لکھتا ہے اسے مت کھائیں۔ اگرچہ یہ زہریلا نہیں ہوتا مگر گھر کے بچوں کی وجہ سے ہم اسے پہلی فرصت میں پھینک دیتے ہیں۔ بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ اس کا کام پراڈکٹ کے کھلنے تک ہی ہوتا ہے۔ سیلیکا جیل نامی ان بیگز میں سیلیکون ڈائی آکسائیڈ ہوتا ہے۔

سیلیکان ڈائی آکسائیڈ میں نمی کو سکھانے کی حیرت انگیز خصوصیت ہوتی ہے۔ سیلیکاجیل کے بیگز کو پھینکنے کی بجائے ہم ان سے بہت سے حیرت انگیز کام لے سکتے ہیں۔ سیلیکا جیل کو پانی میں گرجانے والے موبائل فون کو سکھانے کےلیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔عام طور پر گیلے موبائل کی نمی سکھانے کےلیے چاول کا استعمال کیا جاتا ہے مگر سیلیکا جیل نمی سکھانے کے معاملے سے چاولوں سے 10 گنا زیادہ موثر ہے۔

(جاری ہے)

نمی یادگار تصاویر کے لیے بھی بہت نقصان دہ ہے ۔ تصاویر کے باکس یا البم میں سیلیکا جیل رکھنے سے آپ کی یادیں نمی سے محفوظ رہ سکتی ہیں۔ خواتین اپنے میک اپ باکس میں سیلیکا جیل رکھ کر پاؤڈر کی مصنوعات کو نمی سے بچا سکتی ہیں۔ جوتوں یا ورزش کے کپڑوں کے بیچ میں سیلیکا جیل رکھنے سے وہ نمی سے محفوظ رہتے ہیں اور اُن میں بدبو پیدا نہیں ہوتی۔

نہانے کے تولیوں کے بیچ سیلیکا جیل رکھنے سے اُن میں بھی بدبو پیدا نہیں ہوتی۔ گاڑی میں ڈیش بورڈ پر سیلیکا جیل کے چند بیگ رکھنے سے نمی نہیں ہوتی اور ونڈسکرین کی حالت بھی ٹھیک رہتی ہے۔ زیورات کے ساتھ سیلیکا جیل رکھنے سے زیورات نمی سے محفوظ رہیں گے اور ان کا رنگ اڑنے کا عمل انتہائی سست رفتار ہوجائے گا۔ اگر آپ کو لگے کہ آپ کے سیلیکا جیل اب پرانے ہوگئے ہیں یا نمی کو جذب نہیں کر رہے تو انہیں اوون میں 100فارن ہائیٹ پر رکھنے سے ان کی نمی ختم ہوجاتی ہے اور یہ ”ری چارج“ ہوکر پھر سے کام کرنے کے قابل ہوجاتےہیں۔ ایک بات دھیان میں رہے کہ جب سیلیکا جیل کے بیگ استعمال میں نہ ہوں تو انہیں ائیر ٹائٹ بیگ میں رکھیں ورنہ یہ اپنا کام جاری رکھیں گے۔