جنرل راحیل شریف کے اقدامات قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر ہیں ،عون نقوی

منگل 29 دسمبر 2015 13:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 دسمبر۔2015ء) ادارہ تبلیغ و تعلیمات اسلامی کے تحت مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار بعنوان ” قائد اعظم کا پاکستان اور ہماری ذمہ داریاں “مولانا عون نقوی کی صدارت میں منعقد ہوا جس سے خطاب کے دوران مولانا عون نقوی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح  ایک ایسا پاکستان چاہتے تھے جہاں تمام مکاتب فکر کے مسلمان اپنے اپنے عقائد و نظریات پر قائم رہ کر اپنی زندگی گزار سکیں اور دوسروں کا احترام ہو ،غیر مسلموں کو تحفظ فراہم اور پر امن ماحول ،لیکن تحریک پاکستان اور قائد اعظم کے مخالفین اور ان کی اولادوں نے قائد اعظم کے پاکستان کا چہرہ مسخ کیا لیکن آج جو کام جنرل راحیل شریف اور افواج پاکستان کررہی ہے ۔

وہ قابل تحسین ہے اور یہ کام ماضی کے حکمرانوں اور سیاست دانوں کو کرنا چاہیئے تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کر کے جنرل صاحب نے قائد اعظم کے خوابوں کو عملی جامعہ پہنایا ،انہوں نے حکمرانوں سے کہا کہ وہ افکار قائد اعظم پر عمل کروانے کیلئے جدوجہد کریں اور قائد اعظم اکیڈمی کو فعال بنایا جائے ،سیمینار سے علامہ خلیل احمد کمیلی ،علامہ جعفر رضاء ،مولانا غلام علی عارفی ،مولانا سخاوت حسین،حکیم محمد احمد،لخت حسنین زیدی،نازش رضاء ،فخر شاہ اور دیگر نے خطاب کیا ۔