سونے کے اوقات میں کھانا پینا دماغ پرمنفی اثرات ڈالتا ہے‘ نئی تحقیق

منگل 29 دسمبر 2015 13:55

سونے کے اوقات میں کھانا پینا دماغ پرمنفی اثرات ڈالتا ہے‘ نئی تحقیق

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 دسمبر۔2015ء)رات کے وقت کہیں باربی کیو پارٹی چل رہی ہو یا آدھی رات کو کچھ کھانے کو دل للچائے تو لوگ عموما گھر کے کچن یا فریج پر یلغار کر دیتے ہیں مگر ایک لمحہ رک کر سوچنا آپ کے لیے فائدہ مند ہے کہ کھانے کا یہ وقت آیا آپ کی صحت کیلئے بہتر بھی ہے یا نہیں۔ماہرین صحت رات کو سونے سے پہلے کھانا کھانے کے نقصانات پہلے ہی بہت زیادہ گنواتے رہے ہیں اور اب ایک نئی تحقیق نے ثابت کردیا ہے کہ یہ کمر کو پھیلانے کے ساتھ ساتھ انسانی دماغ کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاس اینجلس کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سے وابستہ محقق ڈان لوح اور ان کی ٹیم نے چوہوں پر کھانے کے مختلف اوقات کے اثرات کا گہرائی سے مشاہدہ کیا۔ سائنسدانوں پر دوران مشاہدہ انکشاف ہوا کہ چوہوں کے دو مختلف گروپوں پر مختلف وقتوں میں دیے جانے والے کھانوں کے اثرات مختلف ظاہر ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

رات کے وقت میں کھانا کھانے والے چوہوں کے وزن میں اضافہ ہوا اور سب سے بڑھ کر ان کے دماغ پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہوئے۔ سائنسدانوں کے مطابق انہوں نے اس بات کا ثبوت حاصل کر لیاہے کہ کھانے کے وقتوں میں تبدیلی انسان کے سیکھنے اور یادداشت کے عمل پر منفی اثرات ڈالتی ہے اور رات کے وقت کھانا کھانے سے دماغ کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے