مردان میں نادرا آفس کے قریب دھماکے میں 18افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

Ali Chaudhry علی چوہدری منگل 29 دسمبر 2015 14:53

مردان میں نادرا آفس کے قریب دھماکے میں 18افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

مردان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 29 دسمبر 2015 ء) مردان میں نادراآفس کے قریب دھماکے میں 18 افراد جاں بحق اورمتعددافرادزخمی ہو گئے ہیں۔زخمیوں کومختلف اسپتالوں میں منتقل کیاجارہاہے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پایا جا رہا ہے۔ دھماکے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ پولیس اور سیکورٹی اہلکار سمیت امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ چکی ہیں جس کے بعد جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق دھماکے میں 42افراد زخمی ہوئے جن میں سے کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے افراد کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی اداروں کے مطابق دھماکہ خودکش تھا، واقعہ کے وقت علاقہ میں شدید رش تھا، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا ر ہا ہے ۔ دوسری جانب ڈی پی او مردان کا کہنا ہے کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا جس نے موٹر سائیکل کو گیٹ سے ٹکرا دیا۔