تیل کی دولت سے مالا مال ملک سعودی عرب میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 فی صد تک اضافہ

منگل 29 دسمبر 2015 16:25

تیل کی دولت سے مالا مال ملک سعودی عرب میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں ..

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 دسمبر۔2015ء) تیل کی دولت سے مالا مال ملک سعودی عرب میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 فی صد تک اضافہ کردیا گیا ہے۔سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کے مطابق سعودی وزارت خزانہ نے ملک میں جامع اقتصادی اورمالی اصلاحات کے تحت تیل کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تھی اورجسے خادم الحرمین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا گیا تھاجہاں اس کی حتمی منظوری دی گئی، جس کے نتیجے میں بجلی ،پانی ،ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوجائیگا۔

سعودی وزارتی کونسل کے فیصلے کے مطابق اعلیٰ درجے کے پیٹرول کی فی بیرل قیمت 0.60 ریال سے بڑھا کر 0.90 ریال  لوئرگریڈ پیٹرول کی قیمت 0.45 سے بڑھا کر0.75 کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باوجود سعودی عرب میں دیگرخلیجی ممالک کے مقابلے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اب بھی سب سے کم ہیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر آئندہ پانچ سال کے دوران بتدریج توانائی،پانی اوربجلی کی قیمتوں میں نظرثانی پرغورکررہی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی وزارت خزانہ نے گزشتہ روزآئندہ برس کیلئے 840 ارب ریال مالیت کا بجٹ پیش کیا ہے جس میں اربوں ریال کا خسارہ ظاہرکیا گیا ہے ادھر قیمتیں بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر عوام گاڑیوں کے ٹینکس بھروانے کے ساتھ ساتھ خالی کنستروں اور کینز میں پیڑول جمع کرنے میں مصروف نظر آئے جبکہ بعض پیٹرول پمپس ایندھن ختم ہونے کے باعث بند کرنا پڑے ۔بجٹ اعلان کے بعد اوکٹین91 پٹرول کی قیمت 45ہلالے فی لیٹر سے بڑھ کر 75ہلالے جبکہ پیٹرول اوکٹین 95 کی قیمت 60 ہلالے فی لیٹر سے بڑھ کے 90 ہلالے ہوگئی۔سعودی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ بجٹ میں گیس کی قیمتوں میں کوئی رد بدل نہیں کیا گیا اس لئے گیس کی قیمتیں اگلی منظوری تک جوں کی توں رہیں گی۔