آنیوالے دنوں میں کراچی فعال ہو گا ،ملک کے اقتصادی محور کے طور پر کام کرے گا‘ راشدہ یعقوب شیخ

حکومت بجلی کی پیداوار میں ملک کو خود کفیل بنانے کیلئے قلیل، درمیانے اور طویل المدتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے‘ پارلیمانی سیکرٹری

منگل 29 دسمبر 2015 17:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 دسمبر۔2015ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ راشدہ یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں کراچی فعال ہو گا اور ملک کے اقتصادی محور کے طور پر کام کرے گا،حکومت بجلی کی پیداوار میں ملک کو خود کفیل بنانے کیلئے قلیل، درمیانے اور طویل المدتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، ملک میں 12 سے 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی لیکن آج اس میں نمایاں کمی آئی ہے اور معاملات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت سستی بجلی بنانے اور لاگت کم کرنے کیلئے کوشاں ہے تاکہ زیادہ مسابقت ہو اور بیروزگاری کے خاتمے میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کو کئی سطحوں پر حل کیا جا رہا ہے ۔ مالی سال 2017-18ء میں 10 ہزار میگاواٹ مزید بجلی نظام میں شامل ہو جائے گی اور مزید 15 ہزار میگاواٹ 2025ء میں شامل ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تھر سے کوئلہ کو 36 سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔

دیگر پاور پلانٹس کے قیام کا بھی ذکر کیا جو 40 فیصد کم لاگت پر قائم کئے جا رہے ہیں اور اس سے قومی خزانے کو 100 ارب روپے کی بچت ہو گی۔ انہوں نے دیامر بھاشا پراجیکٹ کا ذکر کیا جس سے 4500 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ اس کے علاوہ کے ٹو اور کے تھری کے جوہری پاور پلانٹس، نیلم جہلم، داسو ڈیم اور تربیلا توسیعی منصوبہ سے ملک بجلی کی پیداوار میں خود کفیل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ شاہراتی رابطے میں اضافے کیلئے بھی منصوبوں پر عمل جاری ہے اس ضمن میں انہوں نے لاہور۔کراچی موٹروے، پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی کوریڈور کا حوالہ دیا جو گوادر کو کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر حصوں کو ملک کے بقیہ حصوں سے ملائے گا۔ سکھر۔ملتان موٹروے پر کام بھی جلد شروع ہو گا۔ پاکستان کو دنیا کے 22 معتبر مالیاتی اداروں نے معاشی طور پر مستحکم ملک گردانا ہے۔

متعلقہ عنوان :