Live Updates

شوکت خانم ہسپتال کے افتتاح کی خوشی میں رات بھر سونہ سکا،عمران خان

ورلڈ کپ جیتنے کی خوشی کے بعد آج میری خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے، جلد کراچی میں کینسر ہسپتال کیلئے کام شروع کر دیا جائیگا، چیئرمین تحریک انصاف

منگل 29 دسمبر 2015 20:34

شوکت خانم ہسپتال کے افتتاح کی خوشی میں رات بھر سونہ سکا،عمران خان

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔29 دسمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہاہے کہ شوکت خانم ہسپتال کے افتتاح کی خوشی میں رات بھر سونہ سکا، ورلڈ کپ جیتنے کی خوشی کے بعد آج ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے۔ جلد کراچی میں کینسر ہسپتال کے لئے کام شروع کر دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حیات آباد میں شوکت خاتم میموریل کینسر ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر پشاور کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

تقریب میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک، سپیکر صوبائی اسد قیصر، جہانگیر ترین،صوبائی وزراء، عمران خان کے بیٹے قاسم خان، چیف سیکرٹری اور آئی جی سمیت سینکڑوں کی تعداد اعلیٰ شخصیات، ہسپتال کے ڈونزر نے شرکت کی۔اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ہسپتال کاافتتاح معروف شخصیت کی بجائے ایک مریض بچے فاخرآفریدی نے کیا جس کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے اور وہ شوکت خانم ہسپتال لاہور میں زیر علاج ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔عمران خان نے اس پروقار تقریب میں موجود لوگوں کا بھرپور شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کا اظہار کیا کہ لاہور کا کینسرہسپتال عوام کی بھرپور مدد سے بناتھا اور گزشتہ اکیس سالوں سے نادارلوگوں کے علاج کے لئے عوام ہی مدد فراہم کررہے ہیں۔پشاور ہسپتال بھی عوام کے تعاون سے آج سے اپنا کام شروع کردے گا جس سے خیبرپختونخوا اور گردونواح کے کینسر کے مریضوں کو عالمی معیار کی سہولت ان کے گھر کے نزدیک میسر آجائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ہر انسان کی زندگی میں کبھی کبھی ایسا موڑ آتاہے جو اس کی زندگی کا رخ موڑ دیتا ہے۔آج سے تیس سال پہلے میری زندگی میں ایکایسا حادثہ ہوا جس نے میری زندگی بدل دی میری والدہ کو کینسرہوگیا کیونکہ پاکستان میں کوئی کینسر ہسپتال نہیں تھا تو ہمیں والدہ کوعلاج کیلئے بیرون ملک لے جانا پڑا۔میں نے اور میرے گھر والوں نے ان کوبہت تکلیف میں اس دنیا سے جاتے ہوئے دیکھا۔

اس تمام وقت میں سوچتا رہا کہ میں اور میرا خاندان جس تکلیف سے گزرا ہے،میرے ہم وطنوں کی زندگی میں جب ایسی تکلیف دہ صورتحال آتی ہوگی تو ان پر کیا گزرتی ہوگیتب میں نے فیصلہ کہ پاکستان میں کینسر کے لئے ایک ہسپتال ضرور ہوناچ اہیے اور انتھک محنت سے اپنا یہ خواب پورا کیا اور الحمد اﷲ گزشتہ اکیس سالوں سے یہ ہسپتال عوام کی خدمت کررہا ہے جو عوام کے تعاون سے ہی ممکن ہوا ہے ۔

یہ ہسپتال آج بھی اپنے مشن کے مطابق کینسر میں مبتلا مریضوں کو ان کی مالی حیثیت سے قطع نظر، بلا امتیاز، بین الاقوامی معیار کی معالجاتی سہولتیں فراہم کررہا ہے اس کے ساتھ ساتھ ہیلتھ کیئر پروفیشنلز اور عوام کی تعلیم و تربیت اورکینسر کی وجوہات اور اس کے علاج پر تحقیق بھی جاری ہے اس کے لئے میں ان لوگوں اور خصوصاً بچوں اور خواتین کا شکرگزار ہوں جنہوں نے ہسپتال کی تعمیر کے لئے چندہ مہم میں بھرپور جذبے کے ساتھ شرکت کرکے اپنی پاکٹ منی اور اپنے زیور تک عطیہ کرکے ایثار،اخوت،اتحاد،اتفاق اور خیرخواہی کی ایک مثال قائم کردی۔

عمران خان نے عوام کے جذبے کی باربار تعریف کی اور کہا کہ میں نے جب بھی شوکت خانم ہسپتال کے لئے مدد طلب کی لوگوں نے میرابھرپور ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ پشاور ہسپتال کے لئے مجھے مزید80کروڑ کی ضرورت تھی جو لوگوں نے فوری پوری کردی۔عمران خان نے ہسپتال کے عملہ خصوصاً مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کی لگن اور کوششوں کو سراہا اپنی تقریر کے آخر میں انہوں نے ایک بار پھر شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اﷲ بہت جلد کراچی میں کینسر ہسپتال کے لئے کام شروع کر دیا جائے گاانہوں نے اس ہسپتال کے لئے جگہ دینے پر سابقہ حکومت خصوصاً وزیراعلیٰ کی تعریف کی۔

تقریب میں شوکت خانم کینسر ہسپتال،پشاور کے فاؤنڈنگ ڈونرز کے نام کی تختی کی رونمائی بھی ہوئی جس کا افتتاح ہسپتال میں زیر علاج بچی ندا عدنان نے کیا۔ اس بچی کا تعلق بھی خیبرپختونخوا سے ہے۔شرکاء نے ہسپتال کی عظیم الشان بلڈنگ اور تشخیص و علاج کی جدید ترین سہولیات کو سراہا اور اس کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات