عامر نے سزا بھگتنے کیساتھ معافی بھی مانگ لی ،اسے سپورٹ کیا جائے ، شاہد آفریدی

بدھ 30 دسمبر 2015 15:27

عامر نے سزا بھگتنے کیساتھ معافی بھی مانگ لی ،اسے سپورٹ کیا جائے ، شاہد ..

لاہور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار30دسمبر- 2015ء) قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ محمد عامر اپنے کیے کی سزا بھگت چکا ، سب سے معافی بھی مانگ چکا ، اب اسے سپورٹ کیا جائے ، جو کھلاڑی ڈریسنگ روم کا ماحول خراب کرے گا اس کی قومی ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ فاسٹ باولر محمد عامر کے کھیلنے پر ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان تو تحفظات رکھتے ہیں لیکن ٹی ٹونٹی قائد شاہد آفریدی نے لیفٹ آرم فاسٹ بولر کی کھل کر حمایت کرنے کے ساتھ اپنے ساتھیوں کو بھی اس کی ترغیب دینی شروع کردی ہے ۔

اوپنر محمد حفیظ ، اظہر علی اور چند کھلاڑی عامر کے ساتھ کھیلنے پر رضامند تو گئے لیکن تاحال ان کے تحفظات برقرار ہیں تاہم ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی محمد عامر کو بھر پور سپورٹ کر رہے ہیں ، انہوں نے تو عامر کی مخالفت کرنے والے پلیئرز کو ڈھکے چھپے لفظوں میں یہ پیغام بھی دیا کہ جو ڈریسنگ روم کا ماحول خراب کرے گا اس کی ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق آفریدی نے کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کے ایک گروپ یکجا کیا اور انہیں عامر کی سپورٹ پر آمادہ بھی کیا اور اس کے ساتھ انہیں یہ پیغام بھی دیا کہ جو کھلاڑی ایسا نہیں کرے گا اور ٹیم کے ماحول پر اثر انداز ہو گا اس کی پاکستانی ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بھی کھلاڑیوں سے عامر کی مخالفت نہ کرنے کا بیان حلفی لے چکا ہے ۔