گرین بیلٹس کی مرمت اور تزئین و آرائش کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے،ایڈمنسٹریٹربلدیہ غربی

بدھ 30 دسمبر 2015 17:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 دسمبر۔2015ء)ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی سجاد احمد میمن نے کہا ہے کہ بلدیہ غربی کی حدود میں موجود تمام پارکس اور گرین بیلٹس کی مرمت اور تزئیں و آرائش کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹرہیلتھ کے ہمراہ بلدیہ زون میں موجود پارکس کا معائینہ کرتے ہوئے کیا انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بلدیہ غربی کی حدود میں موجود تمام پارکس میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ شجرکاری پر بھی خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے تا کہ نوجوان ،بچوں بوڑھوں اور خواتین کو صحت مند اور پر فضاء ماحول میسر آسکے انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ سے ان کے اندر موجود صلاحیتوں کو مذید سنورا جاسکتا ہے انہوں نے پارکس میں موجودپلے ایریامیں بچوں کیلئے جھولوں اورکھیل کودکی دیگر سہولیات کی فراہمی پر توجہ مرکوز رکھنے اوران مقامات پر عملہ کی ڈیوٹی شفٹوں میں تقسیم کرکے صفائی ستھرائی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کی ہدایت کی اس موقع پربلدیاتی افسران نے ایڈمنسٹریٹر کو بلدیہ غربی کی حدود میں موجود پارکس و پلے گراؤنڈز کی تعمیر مرمت اور مختلف علاقوں میں جاری صفائی ستھرائی کے کاموں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چاروں زونو ں کے افسران و عملہ بلدیہ غربی کی حدود میں صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے شب وروز جد وجہد میں مصروف عمل ہیں جبکہ جراثیم کش ادویات کے اسپرے کا کام بھی تسلسل سے جاری ہے۔