ڈاؤ یونیورسٹی میں2روزہ دل کے امراض کے موضوع پر سائنسی اور عوامی آگاہی سمپوزیم

سادہ خوراک، سادہ ترزِزندگی اور باقائدہ ورزش سے دل کی بیماریوں سے بچاجاسکتا ہے، ماہرین

بدھ 30 دسمبر 2015 19:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 دسمبر۔2015ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں دل کے امراض میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں45سال سے زائد عمر کی آبادی بلندفشارخون جبکہ 25فیصد آبادی ذیابیطس کے مرض کا مبتلا ہے۔ صحت مند دل صحت مند زندگی کی ضمانت ہے۔ ملک میں دل کی بیماریوں اور اس کی روک تھام کے آگاہی کی اشد ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہارماہرین نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں منعقدہ دوروزہ دل کے امراض کے موضوع پر سائنسی اور عوامی آگاہی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سمپوزیم کا انعقاد ڈاؤ یونیورسٹی نے یونائٹیڈاسٹیٹ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے کیا جس کا مقصد عوام الناس میں دل کے امراض اور اس سے منسلک پیچیدگیوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

سمپوزیم میں آگاہی واک کا بھی اہتمام کیاگیاجس میں یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی اراکین سمیت ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور طلباء وطالبات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے بتایا کہ صحت مند دل صحت مند زندگی کی ضمانت ہے جبکہ سادہ خوراک، سادہ ترزِِزندگی اور باقائدہ ورزش سے دل کی بیماریوں سے بچاجاسکتا ہے۔ ملک میں دل کی بیماریوں اور اس کی روک تھام کیلئے آگاہی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے تحقیق کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحقیق صحت عامہ کے نظام کا اٹوٹ حصہ ہے اور انسانی صحت پر بہت اثر انداز ہوتی ہے۔

مجھے خوشی ہے کہ ڈاؤ یونیورسٹی اپنے طلباء وطالبات میں تحقیقی سرگرمیوں کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔ ترقی پذیر ممالک کی طرح پاکستان میں طلباء وطالبات میں تحقیقی سرگرمیوں میں اضافہ کیلئے مختلف پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ملک کا نام روشن کرسکیں۔اس موقع پر انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر مسعود حمیدخان کو تحقیقی سرگرمیوں کیلئے مختلف خدمات فراہم کرنے اور یونیورسٹی کو اعلی معیار کے مطابق بنانے پرمبارکباد پیش کی۔

ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسرڈاکٹرمسعودحمیدخان نے اپنے خطاب میں کہا ہائی کولیسٹرال، سگریٹ نوشی اور لوگوں کے طرزِ زندگی میں ورزش کی کمی دل کی بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔ سادہ خوراک، سادہ ترزِزندگی دل کے مرض سے بچنے کا سب سے اہم ہتھیار ہے۔ یہ ضروری ہے کے لوگوں کواپنے دل کی مکمل جانچ پڑتال کروانی چاہیے تاکہ دل کی بیماریوں سے بچاجاسکے ۔ صحت مند دل اوراچھی زندگی کے لیے ضروری ہے کہ دل کے دورے سے بچنے کے لیے سنہری اصولوں پر عمل کرکے خودکو اور اپنے معاشرے کو موذی مرض سے بچاسکتے ہیں۔بعدازاں، پروفیسر محمد مسرور، پروفیسر رعناقمر، پروفیسر طلعت مرزا، ڈاکٹر زیباحق اور ڈاکٹر سعید خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔