مردان نادرا دفتر پر دہشت گردحملے کی شدید مذمت کرتے ہیں: پاسبان

بدھ 30 دسمبر 2015 19:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 دسمبر۔2015ء) پاسبان پاکستان کے نائب صدر رامبیل خان اور سینئر رہنما عجب خان نے مردان میں نادرا دفتر پر دہشت گردحملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے نہتے اوربے گناہ شہریوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ہر شکل میں ناقابل قبول ہے جس کی بیخ کنی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔

پاسبان رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت مردان میں دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے شہریوں کے لواحقین کی امداد کو یقینی بنائے اور تمام زخمیوں کا سرکاری خرچ پر مکمل علاج کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مستقل اور پائیدار امن کے قیام کیلئے آزاد اور غیرجانبدارانہ خارجہ پالیسی اورتمام اداروں کو سیاسی اثر سے پاک اور اس حد تک خود مختار بنانے کی ضرورت ہے کہ ادارے ہر قسم کے دباؤ سے آزاد رہ کر آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دے سکیں۔

(جاری ہے)

حکومتی رٹ قائم کرنے اور معاشرے میں محروم طبقے کے پیداہونے کے عمل کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ وی آئی پی کلچر اور اسٹیٹس کو کا خاتمہ کیا جائے اور ملک بھر میں قانون کا بلا امتیاز اس طرح نفاذ کیا جائے کہ کوئی بھی مجرم اپنی سیاسی اور سماجی حیثیت کو قانون کی گرفت سے بچنے کیلئے استعمال نہ کرسکے۔ جب معاشرے کے کمزور لوگ غریب اور امیر کے درمیان قانون کے دہرے معیار کو دیکھتے ہیں تو ان میں احساس محرومی پیدا ہونا ایک فطری امر ہے جس کی وجہ سے وہ قانون شکنی کی جانب راغب ہوجاتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :