دی راک کا ریسلنگ رنگ میں واپسی کا اعلان

ریسل مینیا میں تاریخ رقم کرنے کے لیے آرہا ہوں جس کا انعقاد اپریل میں امریکی شہر ڈیلاس میں ہوگا‘دی راک

جمعرات 31 دسمبر 2015 11:48

دی راک کا ریسلنگ رنگ میں واپسی کا اعلان

ڈیلاس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 دسمبر۔2015ء)ریسلنگ کے شائقین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ ڈیوائن جانسن المعروف دی راک نے ایک بار پھر رنگ میں واپسی کا اعلان کردیا ہے۔دی راک نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ میں یہ اعلان کیا۔انہوں نے اپنے پرستاروں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ وہ ریسل مینیا 32 کے ایونٹ میں ایک بار پھر واپس آرہے ہیں جس کا انعقاد اگلے سال اپریل میں امریکی شہر ڈیلاس میں ہوگا۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کے اس سالانہ ایونٹ میں پیپلز چیمپ کی شمولیت کا اعلان پر پرستاروں کی جانب سے بھی کافی جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا۔43 سالہ ریسلر و اداکار نے کہا کہ وہ ریسل مینیا میں تاریخ رقم کرنے کے لیے آرہے ہیں۔اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز چیمپ اپنے گھر واپس لوٹ رہا ہے تاکہ تاریخ میں سب سے زیادہ ناظرین کا ریکارڈ قائم کرسکے، ڈیلاس کی عوام میں جوش دوڑا دے اور ریسل مینیا کی تاریخ رقم کردے۔

(جاری ہے)

تاہم یہ واضح نہیں کہ راک اس ایونٹ میں کسی مقابلے کا حصہ بنیں گے یا بس ویسے ہی شرکت کریں گے جیسے گزشتہ سال کی تھی۔10 بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن رہنے والے راک نے آخری بار چند سال پہلے ریسل مینیا میں جان سینا سے ریسلنگ مقابلہ لڑا تھا جس کے بعد سے وہ رنگ سے دور ہیں۔رواں مہینے راک کے ہاں بیٹی جیسمین کی پیدائش بھی ہوئی اور اس طرح وہ دو بیٹیوں کے باپ بن گئے۔