پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے ساؤتھ ایشین گیمز حکومت سے 3لاکھ 85 ہزار ڈالر مانگ لئے

جمعرات 31 دسمبر 2015 12:35

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے ساؤتھ ایشین گیمز حکومت سے 3لاکھ 85 ہزار ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31دسمبر۔2015ء)پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن نے وفاقی حکومت کو آئندہ سال بھارت میں کھیلی جانیوالی 12ویں ساوتھ ایشین گیمز میں 485پاکستانی دستے کی فہرست سے آگاہ کرتے ہوئے ایونٹ میں شرکت کیلئے قومی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ڈیلی الاونسز اور رہائشی اخراجات کی مد میں 3لاکھ 85ہزار امریکی ڈالرز مانگ لئے ، میگا ایونٹ میں 347اتھلیٹس اور138آفیشلز پاکستان کی نمائندگی کرینگے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کی جانب سے پاکستان سپورٹس بورڈ کو لکھے گئے ایک خط میں بتایا گیا کہ بھارتی شہر گوہاٹی اور شیلہنگ میں 6سے 16فروری تک منعقد ہونیوالے میگا ایونٹ میں پاکستان 21کھیلوں میں حصہ لے گا جس میں 218مرد اتھلیٹس، 129خواتین اتھلیٹس، 92مرد آفیشلز اور46خواتین آفیشلز شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

پی او اے نے ایونٹ میں شرکت کیلئے مجموعی طور پر 3لاکھ 85ہزار امریکی ڈالرز مانگے ہیں ۔

ان میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کو 1لاکھ 27ہزار960ڈالرز، رہائشی اخراجات کی مد مین 1لاکھ 78ہزار230ڈالرز، پاکستانی دستے کے یونیفارم اخراجات کی مد میں 45ہزار7سو ڈالرز، اور ان دیکھے اخراجا ت میں 33ہزار110امریکی ڈالرز شامل ہیں ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ بیرون ملک کھیلوں کیلئے جانیوالے پاکستانی دستہ کی تاریخ میں یہ دستہ سب سے بڑا پاکستانی دستہ تصور کیا جا رہا ہے ۔