قومی اتھلیٹکس ٹیم کے چناؤ کے لئے دو روزہ ٹرائلز10 جنوری سے شروع ہوں گے

جمعرات 31 دسمبر 2015 12:44

قومی اتھلیٹکس ٹیم کے چناؤ کے لئے دو روزہ ٹرائلز10 جنوری سے شروع ہوں گے

اسلام آباد ۔ 31 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31دسمبر۔2015ء) قومی اتھلیٹکس ٹیم کے چناؤ کے لئے دو روزہ ٹرائلز10 جنوری سے جناح سٹیڈیم،اسلام آباد میں شروع ہونگے ، گذشتہ روز قومی کوچ حاجی مقصود احمد نے اے پی پی کو بتایا کہ یہ منتخب ٹیم 6 فروری سے بھارت میں کھیلی جانے والی سیف گیمز میں شرکت کرے گی، انہوں نے کہا کہ ٹرائلز کے پہلے روز 10 جنوری کو 5000، 1500 ، 400 اور 200 میٹر ریس، پال والٹ ، ڈیسک تھرو، 110 اور 100 میٹر رکاوٹی ریس، لونگ جمپ، ہیمر تھرو جبکہ دوسرے روز 11 جنوری کو 400 میٹر رکاوٹی ریس،ہائی جمپ، 800اور 100 میٹر، شارٹ پٹ، 3000 میٹر سٹیپلچیز، ٹرپل جمپ اور جیولین تھرو کے ایونٹس میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں کے ٹرائلز ہونگے، انہوں نے کہا کہ سیف گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جناح سٹیڈیم میں جاری ہے جس میں70 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جن میں 55 مرد اور 15 خواتین کھلاڑی شامل ہیں، ان کھلاڑیوں کو ہر ایونٹس کے مرد اور خواتین کوچز تربیت دے رہے ہیں۔