اسلامی نظریاتی کونسل کے علماء کا آپس میں دست و گریباں ہونا انتہائی افسوسناک ہے ،اسلامی نظریاتی کونسل کو غیر متنازعہ ادارہ بنایاجائے،عون نقوی

جمعرات 31 دسمبر 2015 14:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 دسمبر۔2015ء)ادارہ تبلیغ و تعلیمات اسلامی کا اجلاس رضویہ سوسائٹی میں منعقد ہوا جس سے خطاب کے دوران مولانا عون نقوی نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے علماء کا آپس میں دست و گریباں ہونا انتہائی افسوسناک ہے ،انہوں نے صدر مملکت سے کہا کہ وہ اسلامی نظریاتی کونسل کے خاتمہ کا اعلان کر کے غیر متنازعہ ادارہ بنائیں کیونکہ اسلامی نظریاتی کونسل ذاتی اور سیاسی مفادات کا ذریعہ بن چکی ہے ۔

(جاری ہے)

آج تک کونسل کی سفارشات پر عملی جامعہ نہیں پہنایا گیا ،لہٰذا یہ اپنی حیثیت کھو چکی ہے ،یہ کونسل ان علماء پر مشتمل ہے جو کہ صبر و تحمل ،روادری کا جذبہ نہیں رکھتے ایسے لوگ ملکی سطح پر نظریات یا اسلامی قوانین کا احترام کیسے کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نہایت افسوس کا مقام ہے کہ اس ملک میں ہر ادارہ سیاسی مفادات کی بھینٹ چڑھ چکا ہے ،کم از کم اسلامی اقدار اور اتحاد بین المسلمین کے اداروں کو ہر طرح کے تعصبات سے پاک ہونا چاہیئے ،اجلاس سے مولانا غلام علی عارفی ،آصف شاہ حسینی،حکیم محمد احمد ،انوار جعفری ،رعنا اختر علی ،مولانا خلیل اور دیگر نے خطاب کیا اور اسلامی نظریاتی کونسل کے خاتمہ کا مطالبہ کیا گیا ۔