2015 کااختتام ، کئی اہم شخصیات ہم سے بچھڑ گئیں

گزرے سال انتقال کر جانیوالوں میں امین فہیم ، لیفٹیننٹ جنرل(ر) حمید گل، جسٹس بھگوان داس ، جسٹس (ر) جاویداقبال ، جمیل الدین عالی اور دیگر شامل

جمعرات 31 دسمبر 2015 19:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 دسمبر۔2015ء ) 2015 جہاں ہمیں بہت سی خوشیاں دے کر گیا وہیں بہت سی اہم شخصیات ہمیں چھوڑ کر چلی گئیں یہ لوگ ہمارے ملک کا قیمتی سرما یہ تھے ا نہوں نے پاکستان کے لئے وہ خدمات سر انجام دی ہیں جنہیں کبھی نہیں بھلا یا جا سکتا۔تفصیلات کے مطابق 2015 جہاں ہمیں بہت سی خوشیاں دے کر گیا وہیں ہمارے بہت سے پیاروں کوبھی ہم سے جدا کرگیا۔

2015 میں جسٹس(ر) رانا بھگوان داس بھی ہم سے جدا ہوگئے ۔جسٹس رانا بھگوان داس پہلے ہندو جج تھے جو پاکستان سپریم کورٹ میں جج کے عہدے پر فائز ہوئے ،وہ انتہائی سادہ مزاج کے انسان تھے خود مسلمان نہیں تھے لیکن ہمیشہ دوسروں کے نماز روزے کا خیا ل رکھتے تھے وہ ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ تھے۔ان کا انتقال ت23 فروری2015 کو73برس کی عمر میں کراچی میں ہوا۔

(جاری ہے)

ملک کی معروف دانشور اور ایک این جی او کی سربراہ سبین محمود کو نہایت بے رحمی سے24 اپریل 2015 کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔وفاقی اردو یونیورسٹی اور جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر وحیدالرحمان کو 29 اپریل کو شہید کر دیا گیا۔لیفٹیننٹ جنرل حمید گل بھی 2015 میں ہم سے منہ موڑ گئے ۔جنرل حمید گل نے بطور آئی ایس آئی سربراہ ملک کے لئے خدمات انجام دی ہیں ان کی خدمات پاکستان کبھی نہیں بھلا سکے گا،وہ5 اگست کو علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

علامہ محمد اقبال کے صاحبزادے جسٹس جاوید اقبال کافی عرصے علیل رہنے کے بعد شوکت خانم ہسپتال میں 3 اکتوبر کو اس دنیا سے چلے گئے۔علامہ اقبال نے ان کے نام پر جاوید نامہ کے نام سے شاعری بھی کی ہے۔جاوید اقبال ریٹائرڈ جج تھے اور سماجی سر گرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔جب بھی جاسوسی کہا نیوں کا ذکر آئے گا اشتیاق احمد کا نام سر فہرست آئے گا وہ ملک کے مقبول جاسوسی کہانیوں کے مصنف تھے ،اس سال وہ بھی ہمیں17 نومبر کو سوگوار چھوڑ کر چلے گئے۔

مخدوم امین فہیم کے نام سے کون واقف نہیں ،انہوں نے پیپلز پارٹی کے لئے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں ،مخدوم امین فہیم کافی طویل عرصے تک بیمار رہنے کے بعد 21 نومبر کو اس دنیا سے چلے گئے۔معروف شاعر،دانشور،ادیب اور کالم نگار جمیل الدین عالی 23 نومبر کو اپنے چاہنے والوں کو اداس چھوڑ کر چلے گئے،ان کا خلاء کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔پاکستان کی با فخر بیٹی مریم مختار جنہیں ہم سب کبھی نہیں بھلا سکیں گے 24 نومبر کو پاکستان کے تربیتی طیارے کے گرنے کے باعث شہید ہو گئیں۔پاکستان ٹی وی کے عظیم فنکار کمال احمد رضو ی المعروف الن ہمارا قیمتی سر مایہ تھے 17دسمبر کو طویل علالت کے باعث ہم سب کو سوگوار چھوڑ کر اس دنیا سے چلے گئے۔