اوپرا ونفرے امریکی ٹی وی کی مقبول ترین میزبانوں میں سے ایک ہیں

ایک نمایاں برانڈ میں شمولیت اختیار کرنے سے ڈائٹنگ کمپنی کے حصص کی ویلیو میں تین گْنا سے زیادہ اضافہ ہوا

جمعہ 1 جنوری 2016 11:37

اوپرا ونفرے امریکی ٹی وی کی مقبول ترین میزبانوں میں سے ایک ہیں

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء)وزن کی کمی کی مصنوعات بنانے والی کمپنی ویٹ واچرز کے حصص کی قدر میں اْس وقت 19 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جب معروف ٹی وی میزبان اوپرا ونفرے اس کے ٹی وی اشتہار میں نظر آئیں۔ایک منٹ کے جذباتی اشتہار میں اوپرا نے اپنے کام کے کئی سالوں کے دوران کی ویڈیوز کو فلیش بیک کے طور پر دکھاتے ہوئے وزن کم کرنے کے لیے کی جانے والی جدوجہد کے متعلق بات کی۔

انھوں نے ناظرین کو کہا کہ وہ بھی اْن کا ساتھ دیں اور کہا ’آئیں سب مل کر یہ کرتے ہیں۔ٹی وی اشتہار میں ونفرے کہتی ہیں ’ہر زائد وزن والی خاتون کے اندر ایک خاتون ہوتی ہے جو جانتی ہے کہ وہ وزن گھٹا سکتی ہے۔ونفرے نے اکتوبر میں چار کروڑ 32 لاکھ ڈالر میں کمپنی کے 10 فیصد حصص خریدے تھے۔

(جاری ہے)

نیویارک میں مرتب کی گئی درجہ بندی کے مطابق اوپرا ونفرے کے دنیا کی وزن گھٹانے والی مصنوعات کے برانڈز میں سے ایک نمایاں برانڈ میں شمولیت اختیار کرنے سے ڈائٹنگ کمپنی کے حصص کی ویلیو میں تین گْنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ اب اوپرا کے ملکیتی حصص کی مالیت ساڑھے 14 کروڑ ڈالر کے لگ بھگ ہو چکی ہے۔اوپرا ونفرے کی شمولیت سے کمپنی کے حصص میں ایک دم اضافے سے قبل سٹاک مارکیٹ میں اس کی قدر ایک سال میں تقریباً 8 فیصد کم ہوئی تھی۔اوپرا نے اپنے ٹوئٹر اکاوٴنٹ پر اپنے تین کروڑ سے زائد فالوورز کے لیے اپنا نیا اشتہار ٹویٹ کیا اور بتایا کہ انھوں نے ’کیوں ویٹ واچرز میں شمولیت اختیار کی۔

‘اکتوبر میں ’دا ایلن ڈیجینیریس شو‘ میں شرکت کے دوران 61 سالہ اوپرا ونفرے نے اعلان کیا تھا کہ وہ ویٹ واچرز کے وزن گھٹانے کے نئے پلان پر عمل کررہی ہیں اور انھوں نے چند ماہ میں ہی 15 پاوٴنڈ وزن گھٹایا۔کمپنی اپنے وزن گھٹانے کے منصوبوں میں تبدیلی کے متعلق بھی اعلان کرچکی ہے تاکہ وہ امریکی ارب پتیوں کے صحت مند اور مسرور زندگی کے پیغام سے موافقت اختیار کرسکے۔