”گاڑی کے ٹائروں پر لکھے حروف سے متعلق مفید معلومات“

جمعہ 1 جنوری 2016 17:35

”گاڑی کے ٹائروں پر لکھے حروف سے متعلق مفید معلومات“

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم جنوری۔2016ء) ہم میں سے بہت سے لوگ ایسے ہیں جو کہ ٹائر کے اوپر درج معلومات پر توجہ نہیں دیتے جبکہ یہ بات سوچنے کی ہے کہ اس کی مدد سے ہمیں ٹائر کے متعلق انتہائی اہم معلومات حاصل ہوسکتی ہیں۔لہذا جب بھی ٹائر خریدیں تو اس کے اوپر درج ہندسوں اور حروف سے متعلق معلومات ضرور حاصل کریں۔عام طور پر ٹائر کے اوپر اس طرح کے نمبر درج ہوتے ہیں: 195، 65، R ،15، 91، Hجن کی تفصیل کچھ یوں ہے:195: اس کا مطلب ہے کہ ٹائر کی چوڑائی 195 ملی میٹر ہے۔

(جاری ہے)

65: یہ چوڑائی اور اونچائی کے تناسب کو ظاہر کرنے والا نمبر ہے، یعنی اونچائی چوڑائی کا 65 فیصد ہے۔R: اس کا مطلب ریڈئیل (Radial) ہے۔15: یہ وہیل کا قطر ہے یعنی جو ٹائر آپ دیکھ رہے ہیں وہ 15 انچ قطر کے وہیل پر فٹ ہو گا۔91: یہ نمبر لوڈ انڈیکس کہلاتا ہے، لوڈ انڈیکس 91 کا مطلب ہے کہ یہ ٹائر 615 کلو گرام تک وزن اٹھا سکتا ہے۔H: یہ حرف رفتار کو ظاہر کرتا ہے ، جتنا بڑا حرف ہو گا ٹائر اتنی زیادہ رفتار برداشت کر سکتا ہے۔ حرف H والے ٹائر کیلئے 210 کلو میٹر فی گھنٹے تک کی رفتار محفوظ رفتار ہے۔