بھارتی شہریت ملنا میرے لیے نیا جنم ہے ،مودی اورراجناتھ سنگھ کا شکر گزار ہوں، عدنان سمیع خان

جمعہ 1 جنوری 2016 19:06

بھارتی شہریت ملنا میرے لیے نیا جنم ہے ،مودی اورراجناتھ سنگھ کا شکر ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جنوری۔2016ء)معروف گلوکار عدنان سمیع خان نے بھارت کی شہریت ملنے پر وزیراعظم نریندرمودی اور وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی شہریت ان کیلئے ایک نیا جنم ہے ۔بھارتی میڈیاکے مطابق عدنان سمیع نے ٹوئٹر پر بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شہریت ملنے کی تصدیق کی ہے۔

اپنے پیغام میں عدنان نے کہا کہ وہ بھارتی شہری کے طور پر قبول کیے جانے پر وزیرِ اعظم مودی کے شکرگزار ہیں۔انھوں نے بھارتی شہریت کو اپنے لیے ایک نئے جنم سے تعبیر کیا ہے۔عدنان سمیع نے شہریت دلانے کے معاملے میں بھارتی وزیرِ داخلہ راج ناتھ سنگھ کی کاششوں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔گذشتہ 15 برسوں سے بھارت میں رہنے والے عدنان سمیع نے دو بار بھارتی شہریت کے لیے حکومت کے سامنے درخواست دی تھی۔

(جاری ہے)

پہلی درِخواست خارج ہونے کے بعد مارچ 2015 میں عدنان نے دوبارہ بھارتی شہریت کے لیے اپیل کی تھی جس پر غور کرتے ہوئے اگست 2015 میں ان کے ورک ویزا کے ختم ہونے کے بعد بھی انھیں غیر معینہ مدت تک بھارت میں رہنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔اور اب نئے سال کے آغاز پر انھیں بھارت کا شہری تسلیم کر لیا گیا ہے۔بھارتی شہریت کے قانون کے تحت کسی غیر ملکی کو سائنس، فلسفہ، آرٹ، ادب، عالمی امن اور انسانی ترقی کے شعبوں میں غیر معمولی خدمات دینے پر شہریت دی جا سکتی ہے اور عدنان موسیقی کے میدان میں ایک عرصے سے ہندوستان میں رہ کر کام کر رہے ہیں۔ان کا آخری گانا ’بھر دو جھولی‘ فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں تھا اور کافی مقبول بھی ہوا تھا۔