سعودی عرب میں سالانہ قریباً 5 لاکھ 26 ہزار سڑک حادثات

شاہراؤں پر حادثات میں روزانہ سترہ افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں،فرینڈز آف ریڈ کریسنٹ کمیٹی

جمعہ 1 جنوری 2016 20:44

سعودی عرب میں سالانہ قریباً 5 لاکھ 26 ہزار سڑک حادثات

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء) سعودی عرب میں شاہراہوں پر حادثات میں روزانہ سترہ افراد جان کی بازی ہاردیتے ہیں۔فرینڈز آف ریڈ کریسنٹ کمیٹی کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق سعودی مملکت میں ہر سال قریباً پانچ لاکھ چھبیس ہزار حادثات پیش آتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق کمیٹی کے سربراہ احمد آل شیخہ نے بتایاکہ ہر سال سڑک حادثات پر اکیس ارب ریال خرچ کیے جاتے ہیں۔

سعودی عرب سڑک حادثات میں ہلاکتوں کی شرح کے اعتبار سے دنیا میں تییسویں نمبر پر ہے اور عرب ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے۔انھوں نے بتایا ہے کہ کمیٹی نے انجمن ہلال احمر اور محکمہ ٹریفک کے ساتھ تعاون کے ذریعے شہریوں میں سڑک حادثات سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک مہم شروع کی ہے۔

(جاری ہے)

یہ ایک حقیقی مسئلہ ہے اورحکومت کو حادثات کے نتیجے میں کثیر رقم صرف کرنا پڑتی ہے۔

احمد آل شیخہ کا کہنا ہے کہ شہریوں میں گاڑیوں کو بہتر انداز میں چلانے اور ٹریفک قوانین کی پاسداری سے متعلق شعور اجاگر کرکے ہلاکتوں اور زخمیوں کی شرح کو پندرہ فی صد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حادثات کی شرح کو کم کرنے کے لیے سخت ٹریفک قوانین کا نفاذ ہونا چاہیے ۔روڈ میپ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور ہمیں موٹر گاڑیوں کے سواروں ،مسافروں اور راہ گیروں کو تحفظ مہیا کرنے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔