صوبہ بھر کی انڈسٹریل اسٹیٹس کی آن لائن لیبر انسپکشن 8جنوری تک مکمل کر لی جائے گی، راجہ اشفاق سرور

8سو یونٹس کی لیبر انسپکشن کی جاچکی ہے، صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 1 جنوری 2016 22:10

لاہور۔یکم جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جنوری۔2016ء)صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں پہلے مرحلے میں صوبہ بھر کی تمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں چائلڈ لیبر کا خاتمہ ، کم از کم اجرت پر عملدرآمد ، آکو پیشنل سیفٹی اوررجسٹریشن یقینی بنانے کے لئے صنعتی اداروں کی آن لائن انسپکشن 8 جنوری تک بہر صورت مکمل کر لی جائے گی ۔

اب تک 8سو یونٹس کی لیبر انسپکشن کی جاچکی ہے۔انہوں نے یہ بات اس حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ ڈی جی لیبر محمد سلیم حسین ، ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر داؤد عبداللہ ، ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر لاہور سید حسنات جاوید اور محکمہ لیبر کے دیگر اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈی جی لیبر محمد سلیم حسین نے آن لائن ا نسپکشن کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت بارے اجلاس کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک سرگودھا ، فیصل آباد ، خانیوال، راولپنڈی اور ساہیوال میں جدیداینڈرائڈ ٹیکنالوجی کے ذریعے انڈسٹریل یونٹس کی آن لائن ا نسپکشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے ، ضلع لاہور میں قائداعظم اور سندر انڈسٹریل اسٹیٹس کے 596میں سے410 یونٹس کی آن لائن ا نسپکشن مکمل ہو چکی ہے ، جس کے لئے 8 ٹیمیں بلاناغہ کام کر رہی ہیں جبکہ باقی تمام یونٹس کی انسپکشن 8 جاری تک مکمل کر لی جائے گی ۔

انہوں نے بتایا کہ ملتان کے 109 انڈسٹریل یونٹس میں سے 70 سے زائد صنعتی اداروں کی انسپکشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ گوجرانوالہ میں ا نسپکشن کا عمل بھی بروقت مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے ۔ وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کے علاوہ شاپس اور گوداموں میں بھی چائلڈ لیبر کو چیک کیا جائے اور تمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں چائلڈ لیبر کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے 17صنعتی اداروں میں چائلڈ لیبر کے کیسز سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب نے چائلڈ لیبر کی حوصلہ شکنی کے لیے سزائیں مزید سخت اور جرمانوں میں اضافہ کیا ہے ۔راجہ اشفاق سرور نے ڈسٹرکٹ آفیسرز لیبر گوجرانوالہ اور ملتان کو سختی سے تنبیہ کی کہ وہ لیبر ا نسپکشن کے عمل میں تیزی لائیں ورنہ 8 جنوری کے بعد کام مکمل نہ ہونے کی صورت میں اُن کے ساتھ سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بنک کی تکنیکی تعاون اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی مدد سے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اینڈرائڈ سافٹ وئیر کے استعمال کے ذریعے لیبر انسکپشن کے عمل میں شفافیت آئی ہے اور غلط اور من گھڑت اندراج کی بیخ کنی ممکن ہوئی ہے جس سے صنعتی اداروں میں لیبر لاز کے نفاذ میں بھرپور مدد ملے گی