مسجد حرام میں عالمی تکنیکی سروسز کا اطلاق کر دیا گیا

ہفتہ 2 جنوری 2016 12:26

مسجد حرام میں عالمی تکنیکی سروسز کا اطلاق کر دیا گیا

ریا ض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 جنوری۔2016ء)حرمین شریفین کے آپریٹنک وبحالی سے متعلق امور کے نگران ادارے کی جانب سے اللہ کے مہمانوں کے لیے چوبیس گھنٹے کی بنیاد پرخدمات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ ادارے کا مرکزی کنٹریکٹر مسجد حرام میں آپریٹنک و بحالی کے امورکی نگرانی کے ساتھ ساتھ مسجد میں جدید اعلیٰ اور عالمی تکنیکی سروسز مہیا کررہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مسجد حرام میں آپریٹنگ وبحالی سے متعلق ادارے کے ڈائریکٹر جنرل انجنینئر فارس بن مفوز الصاعدی نے بتایا کہ پچھلے سال حج سیزن میں مسجد حرام میں جن مسائل کی نشاندہی کی گئی تھی انہیں احسن طریقے سے حل کیا جا رہا ہے۔ مسجد حرام میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ اگر کسی وجہ سے معمول کی بجلی میں تعطل پیدا ہوتا ہے تو مسجد حرام کے لیے مختص ریزرو پاور جنریٹرز کی مدد سے بجلی چلا دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

رضاکاروں کی ایک ٹیم فیلڈ میں بھی کام کررہی ہے جو مسجد حرام میں کہیں بھی پیش آنے والے کسی مسئلے یا ضرورت کے بارے میں متعلقہ حکام کو آگاہ کرتی ہے جس کا بروقت حل تلاش کرلیا جاتاہے۔انجینیر الصاعدی نے بتایا کہ آپریٹنک وبحالی سے متعلق امور کا نگراں ادارہ 13.8 کلو واٹ بجلی کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔ مسجد حرام میں بحالی سے متعلق کوئی 11 اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

ان میں اجیاد کے مقام پر مرکزی ایئر کنڈیشن، 80 ہزار مکعب میٹر پانی ذخیرہ کرنے کے ٹینک، ریزرو الیکٹرک سپلائی مرکز، زمزم کا ذخیرہ کرنے کے لیے شاہ عبدالعزیز سبیل، غلاف کعبہ کا کارخانہ، حرم مکی کا مرکزی مکتبہ(لائبریری)، 10ہزار مکعب میٹرگنجائش کی حامل زمزم کی ٹینکی، حرمین شریفین نمائش اور مسجد حرام کے مرکزی سیکرٹریٹ جیسے اہم مراکز بھی بحالی سے متعلق ادارے کی نگرانی میں قائم ہیں۔معذور اور خصوصی توجہ کے مستحق افراد کی نقل وحرکت کے لیے مسجد حرام میں برقی وہیل چیئرز کے ساتھ ساتھ برقی زینوں کا بھی چوبیس گھنٹے انتظام موجود ہے تاکہ معذور نمازیوں، معتمرین اور حجاج کو کسی قسم کی مشقت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔