سعودی عرب ‘ سرحدی علاقے جازان پر یمن کی طرف سے میزائل حملہ ‘ تین سعودی شہری جاں بحق ‘ دو بچے شامل ‘ گیارہ زخمی

ہفتہ 2 جنوری 2016 13:23

سعودی عرب ‘ سرحدی علاقے جازان پر یمن کی طرف سے میزائل حملہ ‘ تین سعودی ..

ریاض / عدن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جنوری۔2016ء) سعودی عرب کے سرحدی علاقے جازان پریمن کی طرف سے داغے گئے میزائل حملے میں3 سعودی شہری جاں بحق ہو گئے جن میں2 بچے بھی شامل ہیں اور11افراد زخمی ہو گئے۔سعودی عرب کی سول ڈیفنس کے ترجمان میجر یحییٰ القہطانی نے اپنے ایک بیان میں بتایاکہ یمن کی طرف سے داغے گئے متعددمیزائل جازان کے شہری علاقے میں آ گرے، زخمی ہونے والے11افراد میں9 بچے بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ساحلی شہر عدن میں القاعدہ جنگجوؤں اوریمنی حکومت کی حامی ملیشیاکے مابین ہونے والی ایک جھڑپ میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ یمنی سیکیورٹی حکام کے مطابق مشتبہ القاعدہ جنگجواسلحہ سے لیس گاڑی پر شہرعدن کی طرف آ رہے تھے جب ایک چیک پوسٹ پرانھیں روکا گیا توجھڑپ ہوگئی اوردونوں طرف سے گولیاں چل گئیں، فائرنگ میں دونوں اطراف سے 3،3افراد مارے گئے۔دارالحکومت صنعا کے قریب سعودی اتحادی طیاروں کی بمباری سے جبل النھدین اور باغیوں کے زیرتسلط صدارتی ہیڈکواٹرزمیں اسلحہ اورگولہ بارود کا بھاری ذخیرہ تباہ ہوگیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق حکومتی فورسز نے سعودی عرب سے متصل گورنری حجہ کے سرحدی شہر حرض پر بھی کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔