عالمی سطح پرپٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے پاکستان میں کمی کی جائے،ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت خوش آئند امرمگرمہنگائی کوبھی کنٹرول کیاجائے

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمدکی منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو

ہفتہ 2 جنوری 2016 16:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جنوری۔2016ء ) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم کی قیمتیں کم نہ ہوناعوام کے ساتھ سنگین مذق اور قابل مذمت عمل ہے۔وفاقی حکومت کوپٹرول کی عالمی مارکیٹ میں کے تناسب سے مزید کمی کرنی چاہئے تھی تاکہ غریب عوام کوریلیف ملتا اور مہنگائی میں بھی کمی آتی مگر یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکومت اس حوالے سے حاصل ہونے والے خطیر منافع کواپنی جیب میں ڈالنا چاہتی ہے۔

حکومت کو عوام کی حالت زار پرکوئی رحم نہیں آتا۔وہ ہفتہ کو منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ تعجب خیز امر یہ ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی تو نہیں کی گئی الٹا قوم کو یہ بتاکر بے وقوف بنایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف نے پٹرول مہنگا کرنے کی سمری کردی ہے۔

(جاری ہے)

لمحہ فکریہ یہ ہے کہ ایک طرف دنیا بھر میں پٹرول کی قیمتیں گر رہی ہیں اور ہماری حکومت پٹرول کی قیمت میں اضافہ کرنے کے لئے ہر دم پریشان رہتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتوں میں جب بھی اضافہ ہوتا تھا تو کہاجاتا کہ مجبوراً ہمیں بھی اضافہ کرنا پڑے گا لیکن اب مسلسل کمی ہورہی ہے بلکہ اس وقت پٹرولیم کی مصنوعات تاریخ کی کم ترین قیمت پر آگئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ کچھ عرصے سے پٹرولیم مصنوعات مسلسل نیچے آئی ہیں مگر پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں پھر بھی کمی واقع نہیں ہوسکی بلکہ مہنگا ئی کا گراف دن بدن اوپر چڑھتا جارہا ہے۔

میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ اگرچہ مسلم لیگ (ن) کے دورمیں پاک چین اقتصادی راہداری اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بڑی تیزی سے کام جاری ہے اور یہ خوش آئند امر ہے مگر ضرورت اس بات کی ہے کہ مہنگائی کی شرح میں ہوشربا اضافے پر بھی قابو پایا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کو مزید سستا کیا جائے تاکہ مہنگائی میں کمی آسکے۔