دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اسلام کے ’’فلسفہ امن‘‘کواپناناہوگا ‘ میلادالنبی ؐکانفرنس

اسلام اورمسلمانوں کے دامن کودہشتگردی کے بدنماداغ سے صاف کرنے کیلئے امن وآشتی کے پیغام کوعام کرنا ہوگا‘ بیگم سردار ا یا زصاد ق ، نبیرہ عندلیب نعیمی،ڈاکٹر نوشین ،ساجدہ میر،کوثرپروین ،سمیراعبدالجبار نعیمی ودیگر کاکانفرنس سے خطاب

ہفتہ 2 جنوری 2016 19:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جنوری۔2016ء) نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان شعبہ خواتین کے زیراہتمام سالانہ میلاد النبی ﷺ کانفرنس برائے خواتین جامعہ نعیمیہ میں منعقدکی گئی۔جس کی صدارت اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی اہلیہ بیگم ریماایاز صادق نے کی ۔جبکہ کانفرنس سے رکن پنجاب اسمبلی وناظمہ جامعہ سراجیہ نعیمیہ نبیرہ عندلیب نعیمی،ایم پی اے ڈاکٹر نوشین،ساجدہ میر(رہنما پاکستان پیپلز پارٹی )ایم پی اے نسیم ،کوثرپروین،سمیراعبدالجبار نعیمی،سمیت دیگر ممتاز خواتین رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

کانفرنس میں ایم پی اے شہزادی کبیر،بیگم ڈاکٹر سرفرازاحمدنعیمی شہید،بیگم تاجور نعیمی،بیگم مفتی قیصر شہزاد نعیمی،مس فرحت یاسر،مس صفیہ ، مذہبی وسماجی،سول سوسائٹی اورمدارس کی ناظمات ومعلمات،نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان ویمن ونگ کی عہدیداران،ذمہ داران،جامعہ سر اجیہ نعیمیہ کی اساتذہ وطالبات سمیت ہزاروں خواتین شر یک تھیں۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں جامعہ سراجیہ نعیمیہ کی طالبات نے نبی کریم ﷺ کی شان میں گلہائے عقیدت پیش کرکے جشن کاسماں باند ھ دیا۔

نیز طالبات نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کوخراج عقیدت پیش کیا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی وناظمہ جامعہ سراجیہ نعیمیہ نبیرہ عندلیب نعیمی نے کہاکہ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے اسلام کے ’’فلسفہ امن‘‘کواپناہوگا۔ حضورنبی کریم ﷺکی سیرت طیبہ انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔نبی کریم ﷺکی ولادت مبارکہ سے انسانیت کوامن و محبت کاپیغام ملا۔

پرامن معاشرے کے قیام کے لئے نئی نسل کو،رواداری ،صبرو تحمل ، برداشت اور انصاف جیسے اوصاف سکھائے جائیں۔اسلام اورمسلمانوں کے دامن کودہشتگردی کے بدنماداغ سے صاف کرنے کیلئے امن وآشتی کے پیغام کوعام کرنا ہوگا۔نبی آخرالزمان ﷺکے اسوۂ حسنہ کو اپناکرکے دنیاکو امن کاگہوارہ بنایاجاسکتاہے۔ موجودہ دو رمیں اسلام کے فلسفہ امن کو عام کرنے کی اشدضرورت ہے۔

بیگم سردارایاز صادق نے صدارتی کلمات ادا کرتے ہوئے کہاکہ نبی رحمت کی ولادت مبارکہ سے بڑھ کوانسانیت کے لئے کوئی خوشی نہیں۔نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ کاہرہر لمحہ پوری انسانیت کیلئے’’ مینارۂ نور‘‘ہے ۔سیرت النبیﷺ پرعمل پیرا ہونے سے حقیقی امن کا قیام ممکن ہے۔دنیاوآخرت میں حقیقی کامیابی حضور نبی کریمؐکی سیرت کواپنانے میں مضمرہے۔

معاشرے میں اخوت وبھائی چائے کوفروغ دینے کی اشدضرورت ہے۔ایم پی اے ڈاکٹر نوشین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اﷲ تعالیٰ نبی کریم ؐ کو پوری دنیاکیلئے رحمت بنا کرمبعوث فرمایا۔ آپ ؐ کی فیضان رحمت کسی زمان یامکان تک محدود نہیں بلکہ آپ کی رحمت تمام کائنات والوں کیلئے ابدی او ر دائمی ہے۔محترمہ ساجدمیر نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ زندگی کاکوئی ایساشعبہ نہیں جہاں آپ ؐ سے اسوۂ حسنہ کے انمٹ نقوش نہ چھوڑے ہوں۔

ہمیں اپنی زندگیوں میں سیرت النبی ؐ کو اپنانے کی ضرورت ہے۔سمیرا عبدالجبار نعیمی نے خطاب کرتے ہوئے کیاکہ خواتین کو تعلیم یافتہ بنائے بغیرترقی کی منازل طے نہیں کی جاسکتیں۔ بنیادی اور معیاری تعلیم کا فروغ ہی خوشحال اور پُرامن پاکستان کی ضمانت ہے۔ تعلیم کو عام کر کے ہی ہم انتہا پسندی اور دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں ۔