حکومت کراچی اور بلوچستان سمیت پورے ملک سے دہشت گردی و انتہائی پسندی کے جڑ سے خاتمہ کا تہیہ کئے ہوئے ہے،عرفان صدیقی

سال 2015ء اندھیروں سے روشنی کی طرف کا سال تھا، ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آئی، سرکاری ٹی وی پروگرام میں گفتگو

ہفتہ 2 جنوری 2016 23:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 جنوری۔2016ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ سال 2015ء اندھیروں سے روشنی کی طرف کا سال تھا، 2015ء میں ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آئی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سرکاری ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان بھی 2015ء میں ہی بنا جس پر عمل درآمد سے امن بحال ہوا ہے، آج نیشنل ایکشن پلان کے اچھے اور مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت کراچی اور بلوچستان سمیت پورے ملک سے دہشت گردی و انتہائی پسندی کے جڑ سے خاتمہ کا تہیہ کئے ہوئے ہے، یہی وجہ ہے کہ 2015ء کا کراچی پہلے کی نسبت بہت بارونق رہا اور اسی طرح بلوچستان میں بھی امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2015ء کا سال کئی حوالوں سے بہتر رہا کیونکہ حکومت نے ملک و قوم کی بہتری کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ سال 2015ء سال 2013ء میں مجموعی صورتحال کی اصلاح کیلئے سیاسی عزم کے اظہاار کے تسلسل کا سال تھا، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان کی تکمیل میں آگے بڑھنے کا سال تھا اور یہی وجہ ہے کہ سال 2013ء سال 2012ء سے بہتر رہا، سال 2014ء سال 2013ء سے بہتر رہا اور اسی طرح سال 2015ء سال 2014ء سے کافی بہتر رہا اور انشاء اﷲ سال 2016ء سال 2015ء سے بھی بہتر ہو گا اور ملک مزید ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ تو نہیں کہہ سکتے کہ ہم نے 2015ء میں سب کچھ حاصل کر لیا ہے لیکن یہ ضرور کہا جا سکتا ہے کہ حکومت نے بہت سے میدانوں میں اصلاحات سمیت منصوبہ بندی کیلئے اہم کوششیں کی ہیں، نیشنل ایکشن پلان بھی 2015ء میں شروع ہوا کیونکہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پہلے دن سے ہی یہ تہیہ کر رکھا تھا کہ ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہے، وزیراعظم نے جمعہ کو بھی اس بات کا اعادہ کیا کہ ملک میں امن شرط اول ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2015ء ہی میں چین کے صدر پاکستان تشریف لائے اور انہوں نے پاکستان کیلئے بہت بڑے پیکج کا بھی اعلان کیا جو پاکستانی معیشت کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2015ء کو الیکٹرانک میڈیا کے حوالہ سے ضابطہ اخلاق کی منظوری پر بھی یاد رکھا جائے گا کیونکہ حکومت میڈیا کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کیلئے سنجیدہ ہے اور اہم اقدامات کر رہی ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سال 2015ء دہشت گردی سے امن کا سال ہونے کے ساتھ ساتھ اندھیروں سے روشنی کی طرف کا بھی سال تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرامید ہیں کہ 2016ء گذشتہ سال سے بھی بہتر ہو گا ور ملک آگے بڑھے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2016ء میں سماجی شعبہ پر خاص توجہ مرکوز کی جائے گی اور اسے بھرپور طریقہ سے آگے بڑھایا جائے گا

متعلقہ عنوان :