پوجا بھٹ کی بھی پاکستانی فلم”ہو من جہاں“کی تعریف

فلم میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان، عدیل حسین، شہریار منور اور سونیا جہاں نے اہم کردار ادا کیے ہیں

اتوار 3 جنوری 2016 11:23

پوجا بھٹ کی بھی پاکستانی فلم”ہو من جہاں“کی تعریف

کراچی /ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جنوری۔2016ء)پاکستانی فلم ”ہو من جہاں“ کی ریلیز کے نہ صرف پاکستانی انڈسڑی شخصیات بلکہ بولی وڈ اداکارہ اور ہدایت کارہ پوجا بھٹ بھی اس فلم کی تعریفیں کرتی نظر آئیں۔حال ہی میں فلم ’ہو من جہاں‘ کے پریمئیر کے موقع پر پوجا بھٹ کا کہنا تھا کہ فلم ’ہو من جہاں‘ ہر لحاظ سے ایک بہترین فلم ہے۔

پوجا کا کہنا تھا فلم ’ہو من جہاں‘ کی پروڈکشن، اداکاری اور ہدایت کاری کو دیکھ کر وہ بے حد متاثر ہوئی ہیں، اور انہوں نے فلم کے ہدایت کار کو فلم کی کامیابی کی مبارکباد بھی دی۔پوجا نے مزید بتایا کہ ’ایسا مانا جاتا ہے کہ بولی وڈ تکنیکی کاموں میں زیادہ آگے ہے میرے خیال سے وہ افراد فلم ہو من جہاں دیکھیں جس کے بعد ان کی سوچ یقیناً تبدیل ہو جائے گی‘۔

(جاری ہے)

فلم کے پریمئیر پر پاکستانی شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں جن میں اداکارہ عائشہ عمر، حمزہ علی عباسی اور نادیہ حسین شامل ہیں۔عاصم رضا کی ہدایت میں بنی فلم ’ہو من جہاں‘ میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان، عدیل حسین، شہریار منور اور سونیا جہاں نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔ہو من جہاں تین نوجوانوں منیزے (ماہرہ خان)، نادر (عدیل حسین) اور ارحان (شہریار منور) کی زندگیوں کے گرد گھومتی ہے، جو کالج سے گریجویشن کے بعدحقیقی دنیا میں اپنی راہ تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہوتے ہیں، یہ تینوں دوست موسیقی سے دلچسپی رکھتے ہیں جو گریجویشن کے بعد ایک میوزک بینڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کرتے ہیں۔