شاہ رخ کی فلم ”دل والے“سینما گھروں میں دکھائی جائے گی

ہندوستان میں عدم برداشت ہے میں سمجھتا ہوں اس عدم برداشت میں اضافہ ہوا ہے‘شاہ رخ

اتوار 3 جنوری 2016 11:25

شاہ رخ کی فلم ”دل والے“سینما گھروں میں دکھائی جائے گی

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جنوری۔2016ء) بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کی فلم ”دل والے‘ ‘کیخلاف ہندوستانی ریاست کرناٹک کے شہر منگلورو میں انتہا پسندوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا تھا اور فلم کی اسکریننگ روک دی گئی تھی تاہم فلم ایک بار پھر سے سنیما میں دکھائی جائے گی۔بھارتی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق دائیں بازو کی انتہا پسند جماعتوں ویشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل نے شہر کے سنیما گھروں کے باہر فلم کے خلاف احتجاج کیا تھا جس کے بعد تھیٹر مالکان نے فلم کی اسکریننگ روکنے کا اعلان کردیا تھا۔

بجرنگ دل کے کارکنوں کی جانب سے ’دل والے‘ کی ریلیز کے خلاف مقامی انتظامیہ کو یادداشت بھی جمع کرائی گئی تھی۔مالکان کے مطابق وہ کسی قسم کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتے تھے تاہم اب شہر کے ڈپٹی کمشنر نے فلم کی نمائش کے دوران سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے جس کے بعد ایک بار پھر فلم سنیما میں پیش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بولی وڈ انڈسٹری میں کنگ خان کے نام سے مشہور شاہ رخ خان نے گزشتہ ماہ اپنی عمر کے 50 سال مکمل ہونے پر ملک میں جاری عدم برادشت کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف احتجاج میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں عدم برداشت ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ اس عدم برداشت میں اضافہ ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :