زمبابوے نے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں افغانستان کو 117 رنز سے شکست دے دی

اتوار 3 جنوری 2016 12:38

زمبابوے نے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں افغانستان کو 117 رنز سے شکست دے ..

شارجہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 جنوری۔2016ء) زمبابوے نے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں ہیملٹن مساکڈزا اور لوک جونگوے کی شاندار کارکردگی کی بدولت افغانستان کو 117 رنز سے ہرا دیا۔ افغان ٹیم 176 رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 58 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ لوک جونگوے نے کیریئر بیسٹ باؤلنگ کی اور چھ رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ہیملٹن مساکڈزا نے 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر زمبابوے کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبورا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، زمبابوین ٹیم 48.3 اوورز میں 175 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ہیملٹن مساکڈزا نے 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، گریم کریمر 58 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

(جاری ہے)

میرویس اشرف نے تین جبکہ دولت زدران اور امیر حمزہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

افغانستان کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 16.1 اوورز میں 58 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، محمد شہزاد کے علاوہ کوئی بھی بلے باز دوہرا ہندسہ عبور نہ کر سکا، شہزاد نے 31 رنز بنائے۔ زمبابوے کی جانب سے لوک جونگوے نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور چھ رنز کے عوض 5 کھلاڑی میدان بدر کئے۔ نیول میڈزیوا نے تین اور ٹینڈائی چسرو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ عنوان :