امریکی صدر نے نے سیلاب سے متاثرہ ریاست میسوری میں ہنگامی حالت نافذ کردی

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 4 جنوری 2016 11:32

امریکی صدر نے نے سیلاب سے متاثرہ ریاست میسوری میں ہنگامی حالت نافذ ..

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 04 جنوری۔2015ء) امریکہ کے صدر براک اوباما نے سیلاب سے متاثرہ وسط مغربی ریاست میسوری میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔صدر کی جانب سے ہنگامی حالت کے نفاذ کے بعد ریاست کو وفاقی انتظامیہ کی جانب سے امداد کی فراہمی کی راہ ہموار ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں وہاں جاری بدترین سیلابی صورتِ حال سے نبٹنے میں مدد ملے گی۔

گزشتہ ہفتے علاقے میں تین روز کے دوران 25 سینٹی میٹر تک ہونے والی بارش کے باعث دریائے مسی سپی، دریائے میرامیک اور دریائے میسوری میں آنے والی طغیانی سے میسوری اور پڑوسی ریاست الی نوائے کے کئی علاقے زیرِ آب آگئے تھے۔سیلاب کے نتیجے میں اب تک میسوری میں دو درجن افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے ہزاروں رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ریاستوں کا وسیع علاقہ تاحال زیرِ آب ہے جب کہ کئی مقامات پر پورے پورے قصبے اور دیہات پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔صدر اوباما کی جانب سے میسوری میں ہنگامی حالت کے نفاذ کے حکم نامے کے تحت قدرتی آفات سے نبٹنے کے وفاقی ادارے کو ریاست میں امدادی سرگرمیاں انجام دینے کی اجازت دیدی گئی ہے۔دریں اثنا میسوری اور الی نوائے کے حکام سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں اور پانی میں ڈوبے قصبات اور دیہات کا سروے کر رہے ہیں تاکہ نقصانات کا اندازہ لگایا جاسکے۔

میسوری کے گورنر جے نکسن نے صورتِ حال کو انتہائی گھمبیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں سیلاب سے بہت تباہی ہوئی ہے۔اتوار کو سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نکسن نے کہا کہ سیلابی پانی اتنے بڑے رقبے پر پھیلا ہوا ہے کہ اسے دیکھ کر لگتا ہے کہ جیسے یہ کسی اور سیارے کا منظر ہے۔حکام نے میسوری کے سب سے بڑے شہر سینٹ لوئس کے مغرب اور جنوب سے گزرنے والی دو مرکزی شاہراہوں کو کئی روز بعد ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے۔

مذکورہ دونوں شاہراہیں مختلف ریاستوں کو آپس میں ملاتی ہیں جنہیں گزشتہ ہفتے ہونے والی بارشوں کے بعد زیرِ آب آنے کے سبب بند کرنا پڑا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ بعض متاثرہ علاقوں سے پانی اترنا شروع ہوا ہے جس کے بعد وہاں کے رہائشیوں کو اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت دیدی گئی ہے۔لیکن محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ علاقے کے تمام بڑے اور چھوٹے دریاؤں میں طغیانی برقرار ہے جس کے سبب ریاست کے جنوبی علاقے بدستور سیلاب کے نشانے پر ہیں۔امریکہ کی نیشنل ویدر سروس نے سیلاب کا خطرہ اگلے دوروز تک برقرار رہنے کا انتباہ دیتے ہوئے اس کا دائرہ جنوب میں واقع پڑوسی ریاست ٹینیسی تک بڑھادیا ہے۔

متعلقہ عنوان :