پی سی بی کا یاسر شاہ کی معطلی کے خلاف آئی سی سی اپیل کرنے کا فیصلہ

پی سی بی کو موصول ہونے والی یاسر شاہ کی مفصل ڈوپ ٹیسٹ رپورٹ کے بعد ان پرعالمی کرکٹ کے دروازے 2 سال کے لئے بند ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا

پیر 4 جنوری 2016 18:44

پی سی بی کا یاسر شاہ کی معطلی کے خلاف آئی سی سی اپیل کرنے کا فیصلہ

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 جنوری۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) نے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر یاسر شاہ کی معطلی کے خلاف اپیل کرنے کافیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی حکام نے یاسر شاہ کے ڈوپ ٹیسٹ میں بی سیمپل نہ دینے اور معطلی کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ آئی سی سی رپورٹ کی روشنی میں کیا ہے، پی سی بی کو موصول ہونے والی یاسر شاہ کی مفصل ڈوپ ٹیسٹ رپورٹ کے بعد ان پرعالمی کرکٹ کے دروازے 2 سال کے لئے بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔

پی سی بی حکام کے مطابق یاسر شاہ کے کیس میں جو معلومات چاہئیں تھیں وہ آئی سی سی نے فراہم کر دیں ہیں اور اب تمام چیزوں کا جائزہ لے کر مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا تاہم اس کیس میں بی سیمپل نہ دینے اور معطلی کے خلاف اپیل کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے پاس اپیل کرنے کیلئے مزید سات دن باقی ہیں اور اس دوران تمام قانونی ماہرین سے مشاورت کے ساتھ کیس تیار کر کے آئی سی سی میں اپیل دائر کی جائے گی۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اگر کسی کھلاڑی کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آ جائے تو اس کے بعد صرف دو آپشنز ہوتی ہیں جن میں سے ایک بی سیمپل کیلئے جانا ہے یعنی جس کھلاڑی کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ہو اس کا ایک اور ٹیسٹ ہوتا ہے لیکن ایسا کرنے پر اگر نتائج مثبت ہوں تو کھلاڑی کو زیادہ سزا ملنے کے امکانات ہوتے ہیں۔ چونکہ یاسر شاہ کے ڈوپ ٹیسٹ میں مقدار کم ہے اس لئے پی سی بی نے اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یاسر شاہ کو اگر سزا بھی ملے تو وہ کم دورانیے کی ہو اور وہ جلد از جلد قومی ٹیم کا حصہ بن سکیں۔

دوسری جانب پی سی بی کو موصول ہونے والی یاسر شاہ کی مفصل ڈوپ ٹیسٹ رپورٹ کے بعد ان پرعالمی کرکٹ کے دروازے 2 سال کے لئے بند ہونے کا خدشہ ہے جب کہ آئی سی سی نے پہلے ہی انہیں ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنیپر کرکٹ کھیلنے سے روک دیا تھا۔