داعش ہم نے بنائی، ہیلری کلنٹن کا اعترافی بیان انتہائی تشویشناک ہے،جماعت اسلامی کاشروع دن سے یہی موقف ہے کہ امریکی جنگ ہماری نہیں،دنیا میں پاکستانیوں کے ساتھ امتیازی سلوک بند ہونا چاہئے

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد

پیر 4 جنوری 2016 19:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمداور سیکرٹری جنرل بلال قدرت بٹ نے سابق امریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن کی جانب سے’’ اپنی کتاب میں مشرقی وسطیٰ کوتقسیم کرنے کے لئے ’’داعش ‘‘بنانے کے اعتراف‘‘ پر اپنی تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ہیلری کلنٹن کااعتراف اس بات کاثبوت ہے کہ امریکہ خود دنیاکاسب سے بڑادہشت گردملک ہے جس نے اپنے مذموم مقاصد کے لئے دہشت گردی کو پروان چڑھایا۔

اقوام متحدہ اور عالمی دنیا کو ہیلری کلنٹن کے اعتراف کانوٹس لینا چاہئے۔نائن الیون کاخودساختہ ڈرامہ رچاکرمسلمان ممالک پر چڑھائی کردی گئی جس کے نتیجے میں لاکھوں بے گناہ مسلمانوں کولقمہ اجل بنادیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کاشروع دن سے یہ موقف رہا ہے کہ امریکہ کی جنگ ہماری نہیں۔اس جنگ کامقصد مسلمان ممالک کوآپس میں لڑانا اور انتشار وخلفشار پیداکرنا ہے۔

اس نام نہاد جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کا ہوا ہے۔50ہزار سے زائد قیمتی جانوں کاضیاع اور سو ارب ڈالرسے زائدملکی معیشت کودھچکا لگ چکا ہے۔راء،موساد اور سی آئی اے پاکستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورک چلانے میں سرگرم ہیں ان کاقلع قمع وقت کاتقاضا ہے۔انہوں نے کہاکہ جب تک حکمران امریکی کاسہ لیسی کوچھوڑ کرحقیقی دوست ممالک سے تعلقات استوار نہیں کرلیتے پاکستان میں امن قائم اور اس کی بقاء وسلامتی کودرپیش خطرات سے نجات حاصل نہیں کی جاسکتی۔

پاکستان کی آزادی،خودمختاری،وقار اور استحکام سب کچھ داؤپرلگ چکا ہے۔جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ امریکی غلامی کاطوق گلے سے اتارنے کاوقت آچکا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان ذاتی مفادات کوبالاطاق رکھتے ہوئے وسیع ترقومی مفاد میں پالیسیاں مرتب کریں۔دنیامیں پاکستانیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیاجارہا ہے جبکہ حکومت اس حوالے سے جواقدامات کررہی ہے وہ آٹے میں نمک کے برابر ہیں۔