سی ٹی ڈی نے 3مبینہ دہشتگرد وں کو گرفتار کرلیا ،تینوں شام میں شدت پسند تنظیم کے رابطے میں تھے‘ میڈیا رپورٹس

پاکستان سے نوجوان لڑکوں اورلڑکیوں کو شام جانے کیلئے مائل کرتے تھے ،ممنوعہ لٹریچر اور لیپ ٹاپ برآمد

پیر 4 جنوری 2016 23:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء ) کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے مختلف علاقوں میں کاروائی کرتے ہوئے 3مبینہ دہشتگرد وں کو گرفتار کرلیا ،تینوں شام میں شدت پسند تنظیم کے رہنماؤں سے رابطے میں تھے اور پاکستان سے نوجوان لڑکوں اورلڑکیوں کو شام جانے کیلئے مائل کرتے تھے ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاعات اور مانیٹرنگ کے بعد کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شام نگر اور سمن آباد میں کارروائی کر کے داعش سے روابط کے الزام میں تین مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ممنوعہ لٹریچر اور لیپ ٹاپ برآمدکر لئے ۔

بتایا گیا ہے کہ تینوں مختلف ذرائع سے شدت پسند تنظیم کے رہنماؤں سے رابطے میں تھے اور پاکستان سے نوجوان لڑکوں اورلڑکیوں کو شام جانے کیلئے مائل کرتے تھے ۔تینوں کو مزید تحقیقات کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔مزید بتایا گیا ہے کہ حساس ادارے نے اعوان ٹاؤن میں بھی کارروائی کرتے ہوئے دو مشکوک افراد کو حراست میں لے کر ان سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔