ساؤتھ ایشین گیمز میں شرکت کی دعوت دینے کیلئے آرگنائزنگ کمیٹی کاوفد پاکستان پہنچ رہا ہے ‘ صدر پی او اے

414 رکنی دستے کی فہرست تیار کی گئی ہے ،حکومت کی طرف سے اجازت ملنے کی صورت میں پاکستان کا وفد سکیورٹی کاجائزہ لینے بھارت جائیگا انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے قواعد کے مطابق پی او اے کے انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں ‘لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کی پریس کانفرنس

پیر 4 جنوری 2016 23:01

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء ) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشین کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن نے کہا ہے کہ ساؤتھ ایشین گیمز میں شرکت کی دعوت دینے کے لئے آرگنائزنگ کمیٹی کا4 رکنی وفد پاکستان پہنچ رہا ہے جو وفاقی وزیر بین الصوبائی امور اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے حکام سے ملاقات کرے گا،انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے قواعد کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں جن میں آئندہ چار سالہ مدت کیلئے خفیہ رائے شماری کے ذریعے عہدیداروں کا انتخاب کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ عارف حسن نے بتایا کہ ساؤتھ ایشین گیمز کیلئے 20 کھیلوں کے 414 رکنی دستے کی فہرست تیار کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ساؤتھ ایشین گیمز کی آرگنائزنگ کمیٹی کاچار رکنی وفد اسلام آباد میں وفاقی وزیر بین الصوبائی امور اور پاکستان سپورٹس بورڈ حکام سے ملاقات کے بعد 7جنوری کولاہور پہنچے گا جس میں قومی سیف گیمز کے لئے پاکستانی دستے کیلئے سکیورٹی کلیئرنس اور ویزہ سمیت دیگر امور طے کئے جائیں گے۔

حکومت کی طرف سے اجازت ملنے کی صورت میں پاکستان کا وفد سکیورٹی کاجائزہ لینے بھارت جائے گا ،سکیورٹی وجوہات کے باعث دستہ بذریعہ جہازبھارت جائیگا۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کیلئے احسان مانی کو بطور چیف الیکشن کمشنربرقرار رکھا گیا ہے، لوزین معاہدہ کے مطابق انتخابات میں پی او اے کی جانب سے مختلف فیڈریشنوں کے معطل عہدیداران بھی مشروط طور پر حصہ لے سکیں گے۔

نئے انتخابات کے انتخابی عمل کو شفاف بنانے کیلئے آئی او سی اور او سی اے کی ہدایات کی روشنی میں ایسے تمام افراد انتخابی عمل میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے جن پر متوازی اولمپک ایسوسی ایشن قائم کرنے کی پاداش میں پابندی عائد کر دی گئی تھی تاہم اس کیلئے انہیں عدالتوں میں دائر تمام مقدمات واپس لینا ہوں گے۔ ایسی فیڈریشنز کو خطوط لکھ دئیے گئے ہیں تاکہ وہ انتخابات سے قبل معاہدہ کے مطابق عدالتوں میں پی او اے کے خلاف دائر مقدمات واپس لے سکیں۔

ووٹر لسٹ میں وہی فیڈریشن شامل ہوں گی جس کی تصدیق اس کی انٹرنیشنل باڈی کر ے گی جس کے لئے پی او اے نے آئی او سی کو خط لکھ دیا ہے جہاں سے تصدیق کے بعد الیکشن سے ایک ہفتہ قبل ووٹر لسٹ جاری کر دی جائے گی ۔ سید عارف حسن کا کہنا تھاکہ نیشنل سپورٹس پالیسی کا اطلاق پی او اے ا ور اس سے ملحقہ صوبائی ایسوسی ایشنوں پر نہیں ہوتا لہٰذاا پی او اے کی جنرل کونسل نے مجھے دوبارہ صدارت کیلئے نامزد کیا تو یہ ذمے داری دوبارہ نبھانے کیلئے تیار ہوں۔

متعلقہ عنوان :