سانحہ ماڈل ٹاؤن‘ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں پر عائد فرد جرم چیلنج کر دیا‘ عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا

منگل 5 جنوری 2016 13:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 جنوری۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک نے ڈیڑھ سال میں پہلی مرتبہ سانحہ ماڈل ٹاون میں اپنے نامزد کارکنوں پر عائد فرد جرم کو چیلنج کر دیا۔ عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاون کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔اس دوران عوامی تحریک کی جانب سے ان کے وکیل رائے بشیر عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

یہ پہلا موقع ہے جب عوامی تحریک کی جانب سے اس کیس کی پیروی کی گئی ہے۔ عوامی تحریک کے وکیل نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے اعتراض اٹھایا کہ ان کے کارکنوں کے خلاف عائد فرد جرم غیر قانونی ہے۔ اسے عائد کرتے وقت قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔رائے بشیر ایڈووکیٹ نے نشاندہی کی کہ فرد جرم عائد کرتے ہوئے مقدمے کے ملزمان کو تمام متعلقہ دستاویزات فراہم کرنا ایک قانونی ضرورت ہے۔ خصوصی عدالت کے جج نے درخواست پر سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا جو آج سنائے جانے کا امکان ہے۔