سیف گیمز کیلیے ٹرائلز کے دوران پہلوان آپس میں گھتم گھتا

منگل 5 جنوری 2016 16:19

سیف گیمز کیلیے ٹرائلز کے دوران پہلوان آپس میں گھتم گھتا

لاہور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار5جنوری- 2016ء) سیف گیمزکیلئے قومی ریسلنگ ٹیم کے ٹرائلز کے دوران پہلوان آپس میں لڑپڑے ، لڑائی میں کوچز اور حامیوں نے ایک دوسرے پر خوب مکے برسائے ، ریسلنگ فیڈریشن ڈسپلنری ایکشن لینے کیلئے کمیٹی بنادی ۔ تفصیلات کے مطابق نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں ہونے والے سیف گیمز کیلئے ٹرائلز کی نگرانی پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے عہدیداروں نے کی ۔

ٹرائلز کے دوران ریسلز علی اور عمیر پہلوان کی حریف پہلوان محمد انعام کے چیلنج کرنے پر تلخ کلامی ہوئی جو چند لمحوں میں لڑائی میں بدل گئی اور دونوں نے ایک دوسرے کو مکے اور تھپڑمارے ، اس دوران دونوں اطراف سے حامیوں اور کوچز بھی رنگ میں کود پڑے اور جمنازیم ہال میدان جنگ بن گیا ۔

(جاری ہے)

اس دوران ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری ارشد ستار کو بھی دھکے لگے جب کہ انتظامیہ اور ریفریز بے بس دکھائی دئیے ۔

لڑائی کے بعد دونوں گروپس کی صلح کراکر ٹرائلز کو جاری رکھتے ہوئے سیف گیمز کیلئے 8 رکنی ٹیم کا انتخاب کرلیا گیا جس میں لڑائی میں شامل محمد انعام اور محمد عمیر سمیت محمد بلال ، عبدالوہاب ، نادر علی ، عبدالرحمان ، اسد بٹ اور زمان انور کو بھی منتخب کرلیا گیا۔ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری ارشد ستار نے لڑائی کرنیوالے پہلوانوں کیخلاف ڈسپنلری ایکشن لینے کیلئے تین رکنی کمیٹی بنادی جو ذمہ داروں کا تعین کرکے سزا تجاویز کرے گی ۔